اے بی ڈی ویلیئرز کا ایک اور ریکارڈ

تصویر کے کاپی رائٹ AFP Getty
Image caption ڈی ویلیئرز پہلے نمبر پر تو فاف ڈوپلیسی دسویں نمبر پر آئے ہیں

جنوبی افریقہ کے مشہور افراد کی فہرست میں معروف کرکٹر ڈی ویلیئرز سر فہرست آئے ہیں لیکن اگر ان کا بھارت یا پاکستان کے کرکٹروں سے مقابلہ کیا جائے تو وہ بہت پیچھے نظر آتے ہیں۔

جنوبی افریقی ون ڈے ٹیم کے کپتان اور دنیا کے معروف کھلاڑی اے بی ڈی ویلیئرز افریقہ میں سب سے زیادہ فالو کیے جانے والے سیلبریٹی بن گئے ہیں۔ ان کے نام تیز ترین سنچری اور نصف سنچری کا ریکارڈ بھی ہے۔

یہ فہرست جنوبی افریقہ کی میڈیا کمپنی بلیک سموک ایجنسی نے پہلی بار جاری کی ہے اور اس کا کہنا ہے کہ اب وہ اس پر مسلسل نظر رکھے گی۔

اس فہرست میں ڈی ویلیئرز نے اپنے ہم وطن کامیڈین ٹریور نوا کو شکست دی ہے۔ ڈی ویلیئرز کے فی الحال 30 لاکھ سے کچھ کم فالوورز ہیں۔ ان کی مقبولیت میں امریکی ٹی وی پروگرام میں آنے پر اضافہ دیکھا گیا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption عمران خان پاکستان میں سر فہرست نظر آئے ہیں

جنوبی افریقہ کے مشاہیر ٹوئٹراٹی کی اس فہرست میں جے پی ڈومنی، البی مورکل، فاف ڈوپلیسی بھی شامل ہیں۔ لیکن ان سے آگے سابق کرکٹر ژاک کیلس چھٹے اور سابق کپتان گریم سمتھ پانچویں مقام پر ہیں۔

اگر ان کا مقابلہ بھارت کے یا دوسرے ممالک کے کرکٹروں سے کیا جائے تو وہ بہت پیچھے نظر آتے ہیں۔ بھارتی کرکٹ کھلاڑیوں میں وراٹ کوہلی کے فالوورز کی تعداد سچن تندولکر کے فالوورز کی تعداد سے آگے نکل چکی ہے۔

ان کے بعد مہندر سنگھ دھونی کے مداح ہیں۔ لیکن اگر سیلبریٹی کی بات کی جائے تو بالی وڈ کے اداکاروں کے مداحوں کی تعداد کہیں زیادہ ہے۔

پاکستان کے سیلبریٹی کرکٹروں میں سابق کپتان اور تحریک انصاف کے چیئرمین پہلے نمبر پر نظر آتے ہیں۔ ٹوئٹر پر ان کے فالوورز کی تعداد 30 لاکھ سے زیادہ ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption کرس گیل ویسٹ انڈیز کے کرکٹروں میں سرفہرست نظر آ رہے ہیں

ان کے بعد وسیم اکرم کے فالوورز ہیں جو 17 لاکھ سے زیادہ ہیں۔ حالیہ کھلاڑیوں میں شعیب ملک کے پونے چھ لاکھ، احمد شہزاد کے ساڑھے پانچ لاکھ اور شاہد آفریدی کے تقریبا پانچ لاکھ فالوورز ہیں۔

بھارت میں تینڈولکر کے 83 لاکھ سے زیادہ فالوورز ہیں جبکہ وراٹ کوہلی کے 85 لاکھ سے زیادہ اور مہندر سنگھ دھونی کے 46 لاکھ سے زیادہ ہیں۔ خواتین کھلاڑی میں ثانیہ مرزا کے فالوورز کی تعدا 31 لاکھ سے زیادہ ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ HOTURE
Image caption بھارت میں فلم کا کریز ہے اور یہ تینوں ایک دو اور تین نمبر پر نظر آتے ہیں

بالی وڈ اداکاروں میں بہت سے اداکار کے ایک کروڑ سے زیادہ فالوورز ہیں اور ان میں امیتابھ بچن سر فہرست ہیں جو مسلسل ٹوئٹر پر نظر آتے ہیں۔ ان کے بعد شاہ رخ خان ہیں پھر، عامر خان اور پھر سلمان خان ہیں۔ ان سب کے فالوورز کی تعداد ایک کروڑ 46 لاکھ سے زیادہ ہے۔

اداکاراؤں میں دیپیکا پاڈوکون اور پرینکا چوپڑا میں کانٹے کا مقابلہ ہے اور دونوں کے فالوورز ایک ایک کڑور سے زیادہ ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption ثانیہ مرزا رواں سال پے در پے کامیابیوں سے ہمکنار ہوئی ہیں

ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی کرس گیل کے فالوورز کی تعداد 26 لاکھ ہے۔ آسٹریلیا کے کرکٹروں میں شین وارن کے فالوورز کی تعداد 24 لاکھ سے زیادہ ہے۔

خیال رہے کہ بہت سے کرکٹروں اور مشاہیر کے اکاؤنٹس ٹوئٹر پر مصدقہ نہیں ہیں اور بہت سے سوشل میڈیا سے دور رہنا پسند کرتے ہیں۔

بھارت کے مداحوں میں اپنے اپنے سلیبریٹیز کے لیے بہت جوش پایا جاتا ہے اور اس لیے ٹوئٹر پر بعض اوقات ان میں مباحثہ جاری رہتا ہے۔

اسی بارے میں