پاکستان کی ٹی20 ٹیم کا اعلان ، عمراکمل ڈراپ

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹی 20 انٹرنیشنل 26، 27 اور 30 نومبر کو کھیلے جائیں گے

پاکستان کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ کے خلاف تین میچوں کی سیریز کے لیے پاکستان کی ٹی20 کرکٹ ٹیم کا اعلان کیا ہے جس میں مڈل آرڈر بیٹسمین عمر اکمل کو شامل نہیں کیا گیا۔

عمر اکمل کے بارے میں اطلاعات ہیں کہ وہ گذشتہ دنوں حیدرآباد میں مبینہ طور پر غیراخلاقی سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے تھے جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے انھیں اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

چیف سیلیکٹر ہارون رشید کا کہنا ہے کہ عمراکمل کو ٹیم میں منتخب کیا جانا تھا لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ کی ہدایت پر وہ ٹیم میں منتخب نہیں کیے گئے۔ ’وہ پاکستان اور کرکٹ بورڈ کا وقار مجروح کرنے کے مرتکب ہوئے ہیں اسی لیے انھیں شوکاز نوٹس جاری کیا جا رہا ہے۔‘

سیلیکٹروں نے ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی دکھانے پر پشاور سے تعلق رکھنے والے دو بیٹسمینوں رفعت اللہ مہمند اور افتخار احمد کو ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

رفعت اللہ مہمند 39 سال کی عمر میں بھی ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور سلیکٹروں کا خیال ہے کہ ان کی جارحانہ بیٹنگ ٹی 20 میں کارآمد ثابت ہو سکتی ہے۔

افتخار احمد نے بھی حالیہ قومی ٹی 20 ٹورنامنٹ میں عمدہ بیٹنگ کی ہے جس کی بنیاد پر انھیں انگلینڈ کے خلاف شارجہ میں کھیلے گئے پریکٹس میچ میں موقع دیا گیا جس میں انھوں نے پاکستان اے کی طرف سے ناقابل شکست 92 رنز سکور کیے۔

افتخار احمد کو یونس خان کی ریٹائرمنٹ کے بعد ون ڈے ٹیم میں 16 ویں کھلاڑی کے طور پر شامل کیاگیا ہے۔

سلیکٹروں نے عماد وسیم کی ٹیم میں شمولیت فٹنس سے مشروط رکھی ہے، اگر وہ فٹ نہ ہوئے تو ان کی جگہ بلال آصف کو ٹیم میں شامل کر لیا جائے گا۔

پاکستان کی ٹی 20 ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ احمد شہزاد، محمد حفیظ، رفعت اللہ مہمند، شعیب ملک، صہیب مقصود، افتخار احمد، شاہد آفریدی (کپتان)، محمد رضوان، سرفرازاحمد، انورعلی، عماد وسیم، (بلال آصف)، عمران خان جونیئر، محمد عرفان، سہیل تنویر، وہاب ریاض اور عامر یامین۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹی 20 انٹرنیشنل 26، 27 اور 30 نومبر کو کھیلے جائیں گے۔

اسی بارے میں