سکیورٹی خطرات پر جرمنی اور نیدرلینڈ کا دوستانہ میچ منسوخ

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption اس میچ میں جرمنی کی چانسلر اینگلا مرکل نے بھی شرکت کرنا تھا

جرمنی کے شہر ہانوور کے سٹیڈیم میں بم کی موجودگی کے خطرے کے پیشِ نظر جرمنی اور نیدرلینڈ کے درمیان دوستانہ فٹبال میچ منسوخ کر دیا گیا ہے۔

ہانوور شہر کی پولیس کے سربراہ والکر کلیون کے مطابق’ٹھوس سکیورٹی خطرات‘ کی وجہ سے میچ شروع ہونے سے تقریباً دو گھنٹے قبل سٹیڈیم کو خالی کرا لیا گیا۔

بم حملے کے خطرات کی وجہ سے شائقین کو کہا گیا ہے کہ وہ بغیر کسی افراتفری کے اپنے گھروں کو واپس چلے جائیں۔

ویمبلے میں پیرس حملوں کے ہلاک شدگان کو خراج عقیدت

اس میچ میں جرمنی کی چانسلر اینگلا مرکل نے بھی شرکت کرنا تھا۔

میچ منسوخ ہونے کے بعد جرمنی کی فٹبال ٹیم کو پولیس کی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔

جرمنی کے وزیرِ داخلہ تھامس دمیزیا نے نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ’میچ میرے مشورے پر منسوخ کیا گیا تھا۔ اس وقت جرمنی اور یورپ کو ایک بڑے خطرے کا سامنا ہے۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption سٹیڈیم کی تلاشی کے دوران کسی قسم کا دھماکہ خیز مواد برآمد نہیں ہوا ہے

حکام کا کہنا ہے کہ سٹیڈیم کی تلاشی کے دوران دھماکہ خیز مواد برآمد نہیں ہوا ہے اور نہ ہی کسی کو گرفتار کیا گیا ہے۔

ایک دن پہلے پیر کو برسلز میں بیلجیئم اور سپین کے درمیان منگل کو کھیلے جانے والے میچ کو منسوخ کر دیا گیا تھا۔

دوسری جانب لندن کے ویمبلے سٹیڈیم میں فرانس اور انگلینڈ کا دوستانہ میچ شیڈول کے مطابق کھیلا گیا جس میں پیرس حملوں میں ہلاک ہونے والے افراد کو فرانس کا قومی ترانہ گا کر خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

اسی بارے میں