آدھی میراتھن آدھی نہ رہی، غلط موڑ پر تین میل اضافی

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption ’میں اب اس ریس میں کبھی نہیں حصہ لوں گا‘

تھائی لینڈ میں آدھی میراتھن میں حصہ لینے والے سخت تھک گئے کیونکہ منتظمین کی غلطی کے باعث ان کو چار میل اضافی بھاگنا پڑا۔

بینکاک میں ہونے والی آدھی میراتھن میں حصہ لینے والوں ایتھلیٹوں نے منتظمین کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔

ان کا کہنا تھا کہ 13 میل کی بجائے ان کو 17 میل بھاگنا پڑا۔

میراتھن میں حصہ لینے والے ڈیوڈ پال نے کہا کہ وہ منتظمین کی اس غلطی سے سخت نالاں ہیں۔

’میری گھڑی میں موجود جی پی ایس کے مطابق میں 17.3 میل دوڑا ہوں۔ اس ریس کے منتظمین اس ریس پر فخر کرتے ہیں لیکن وہ فاصلہ بھی صحیح طریقے سے نہیں ناپ سکتے۔‘

ان کا مزید کہنا تھا: ’میں اب اس ریس میں کبھی حصہ نہیں لوں گا۔‘

اس ریس کے منتظم اور جوگنگ ایسوسی ایشن آف تھائی لینڈ کے نائب صدر نے کہا کہ منتظمین نے ریس میں حصہ لینے والوں کو غلط موڑ سے مڑنے کا کہ دیا تھا۔

’میں ایسوسی ایشن کی جانب سے معذرت خواہ ہوں اور ایسا آئندہ نہیں ہو گا۔ اس ریس میں غلط موڑ کے باعث تین میل اضافی ہو گئے تھے۔‘

اسی بارے میں