کاؤنٹی چیمپیئن شپ ڈویژن ٹو میں ٹاس ختم کرنے کی تجویز

تصویر کے کاپی رائٹ Getty

انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کاؤنٹی چیمپیئن شپ ڈویژن ٹو کے اگلے سیزن کے لیے ٹاس ختم کرنے کی تجاویز پر غور کر رہا ہے۔

ای سی بی کا ایگزیکٹو بورڈ اپنی کرکٹ کمیٹی کی جانب سے دی جانے والی ان سفارشات پر جمعرات کو ہونے والے اجلاس پر غور کرے گا۔

اگر ان سفارشات کو منظور کر لیا گیا تو آزمائشی طور پر ایک سال کے لیے ان سفارشات پر عملدرآمد سنہ 2016 سے شروع کر دیا جائے گا۔

ان سفارشات کا مقصد کرکٹ کی پچوں کی حالت کو بہتر بنانا اور سپن بالروں کی حوصلہ افزائی ہے۔

کاؤنٹی چیمپیئن شپ ڈویژن ٹو کے اگلے سیزن کے لیے مہمان ٹیم کے پاس یہ اختیار ہو گا کہ وہ بیٹنگ یا بولنگ کرے یا پھر پچ کی غیر یقینی صورتِ حال کو دیکھتے ہوئے ٹاس کرنے کا فیصلہ کرے۔

واضح رہے کہ کاؤنٹی چیمپیئن شپ ڈویژن ون اور ڈومیسٹک کرکٹ کے ایک روزہ میچوں کے لیےٹاس کیا جائے گا۔

سنہ 1744 میں کرکٹ کے پہلے ریکارڈ شدہ قوانین کے مطابق ٹاس جیتنے والی ٹیم کے پاس یہ اختیار ہوتا تھا کہ وہ کون سی پچ استعمال کرے یا پہلے بیٹنگ یا بولنگ کرے۔

ای سی بی کا خیال ہے کہ ڈویژن ٹو کے متعدد میچوں کا فیصلہ ٹاس کے ذریعے ہوتا ہے کیونکہ میزبان ٹیمیں ایسی پچیں بناتی ہیں جن سے ان کے بولروں کو فائدہ ہو۔

خیال رہے کہ سنہ 2011 سے کاؤنٹی چیمپیئن شپ میں خراب پچ بنانے پر کسی بھی ٹیم کے پوائنٹس منہا نہیں کیے گئے ہیں۔

اسی بارے میں