سلمان، آصف کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ کرکٹروں سلمان بٹ اور محمد آصف کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت دے دی ہے۔

یہ دونوں کرکٹر پہلے مرحلے میں آئندہ ماہ ہونے والا ایک روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کھیلیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ سلمان بٹ اور محمد آصف نے اپنی بحالی کے پروگرام کا کافی حصہ مکمل کر لیا ہے۔ ان دونوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے درخواست کی تھی کہ انھیں ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت دی جائے جس پر انھیں ون ڈے ٹورنامنٹ کھیلنے کی اجازت دی گئی ہے جس میں یہ واپڈا کی نمائندگی کریں گے۔

محمد آصف اور سلمان بٹ واپڈا کی ٹیم میں شامل

کیا سزایافتہ کرکٹرز کو برطانیہ کا ویزا مل سکے گا؟

یاد رہے کہ سپاٹ فکسنگ میں ملوث تیسرے کرکٹر محمد عامر پہلے ہی ڈومیسٹک کرکٹ کھیل رہے ہیں اور پاکستان کرکٹ بورڈ انھیں پاکستان سپر لیگ اور پھر پاکستانی ٹیم میں بھی شامل کرنے پر غور کر رہا ہے۔

تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ کے بقول سلمان بٹ اور محمد آصف نے چونکہ آئی سی سی کے قواعد وضوابط کے مطابق بحالی کا پروگرام مکمل نہیں کیا ہے لہٰذا ان کی فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپسی میں وقت لگے گا۔

یہ تینوں کرکٹر 2010 میں انگلینڈ کے دورے میں سپاٹ فکسنگ میں ملوث پائے گئے تھے اور آئی سی سی کے انسدادِ بدعنوانی ٹریبونل نے تینوں پر پانچ سال کی پابندی عائد کر دی تھی اس کے علاوہ لندن کی عدالت نے بھی انھیں سزائیں سنائی تھیں۔

آئی سی سی کے انسدادِ بدعنوانی قوانین میں تبدیلی کا فائدہ محمد عامر کو ہوا تھا اور وہ اپنی سزا کی مدت مکمل ہونے سے پہلے ہی کرکٹ کے میدانوں میں واپس آگئے تھے۔ اس وقت وہ بنگلہ دیشی پریمیئر لیگ کھیل رہے ہیں۔

اسی بارے میں