نائیکی کا لیبرون جیمز کے ساتھ تاحیات معاہدہ

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption لابرون جیمز سنہ 2003 سے 2010 کے درمیان کلیولینڈ کیویلیئرز سے منسلک رہے

کھیلوں کا سامان بنانے والی دنیا کی سب سے بڑی کمپنی نائیکی نے امریکی باسکٹ بال سٹار لیبرون جیمز کے ساتھ تاحیات معاہدہ کیا ہے۔

رواں ماہ 31 سال کے ہونے والے جیمز سنہ 2003 سے ہی نائیکی کے ساتھ ہیں جب انھوں نے اس کمپنی کے ساتھ نو کروڑ امریکی ڈالر کا معاہدہ کیا تھا۔

یہ پہلا موقع ہے کہ نائیکی نے کسی بھی کھلاڑی کے ساتھ تاحیات معاہدہ کیا ہے۔

ابھی معاہدے کے رقم کی کوئي تفصیل جاری نہیں کی گئی ہے تاہم یہ اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ اس کی مالیت اوکلاہوما سٹی تھنڈر کے کھلاڑی کیون ڈورانٹ کے ساتھ نائیکی کے دس سالہ معاہدے سے زیادہ ہوگی۔

کیون ڈورانٹ کے معاہدے کی مالیت 30 کروڑ امریکی ڈالر ہے۔

لیبرون جیمز چار بار نیشنل باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے سب سے اہم کھلاڑی رہ چکے ہیں اور دو بار وہ امریکہ کی طرف سے اولمپکس میں طلائی تمغہ حاصل کر چکے ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption لابرون جیمز چار بار این بی اے کے سب سے قیمتی کھلاڑی رہ چکے ہیں اور دوبار اولمپکس میں طلاعی تمغہ حاصل کر چکے ہیں

وہ سنہ 2003 سے 2010 کے درمیان کلیولینڈ کیویلیئرز سے منسلک رہے اور پھر چار سال کے لیے میامی ہارٹ میں شامل ہو گئے۔ پھر جولائي سنہ 2014 میں وہ کیویلیئرز میں واپس آ گئے۔

نائیکی نے کہا ہے کہ وہ لیبرون جیمز کے ساتھ تاحیات معاہدے پر رضامند ہوئی ہے کیونکہ اس سے ان کے ’بزنس، برانڈ اور ان کے شیئر ہولڈرز کو اہم قدروقیمت حاصل ہوگی۔‘

کمپنی نے کہا ’ہم نے گذشتہ 12 سال میں لیبرون بزنس قائم کر رکھا ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ جب تک وہ کھیل رہے ہیں یا پھر اس کے بعد بھی اس میں اضافہ ہوگا۔‘

پیر کو معاہدے کے اعلان کے بعد لیبرون جیمز نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا ’میں بہت خاکسار انسان ہوں۔ یہ میرے اور میرے اہل خانہ کے لیے ناقابل یقین دور ہے اور میں نائیکی اور (نائیکی کے بانی) فل نائٹ اور یہاں موجود تمام لوگوں کا شکرگزار ہوں کہ انھوں نے ایک اوہایو میں ایکرون کے ایک دبلے پتلے 18 سال کے بچے پر یقین کیا۔ میں اس عظیم کمپنی کا حصہ بننے پر بہت خوش ہوں۔‘

اسی بارے میں