دھونی پونے سے، رائنا راج کوٹ سے کھیلیں گے

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption دھونی اور رینا دونوں کو 12.5- 12.5 کروڑ میں خریدا گيا ہے

بھارتی کپتان مہندر سنگھ دھونی آئی پی ایل کے اگلے سیزن میں پونے کی نمائندگی کریں گے جبکہ انھی کی ٹیم کے اہم رکن سریش رائنا راج کوٹ کی پہلی پسند ٹھہرے۔

پونے اور راج کوٹ کی ٹیمیں حال ہی میں چنّئی سپر کنگز اور راجستھان رائلز کی جگہ آئی پی ایل میں شامل کی گئی ہیں۔

سپریم کورٹ آئی پی ایل 6 میں چنّئی سپر کنگز اور راجستھان رائلز کے شراکت دار مالکان کے مبینہ سٹے بازی اور سپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے کے شواہد ملنے کے بعد ان پر دو سال کی پابندی لگا چکی ہے۔

منگل کو ممبئی میں ہونے والی ڈرافٹ نیلامی میں نئی دونوں ٹیموں نے پابندی کا شکار دونوں ٹیموں سے اپنی پسند کے کھلاڑیوں کا انتخاب کیا۔

دھونی کے علاوہ اجنکیا رہانے، روی چندرن ایشون، آسٹریلیا کے سٹیون سمتھ اور جنوبی افریقہ کے فاف ڈو پلیسی کو پونے نے اپنی ٹیم میں شامل کیا ہے۔

جبکہ راج کوٹ نے سریش رائنا کے علاوہ جیمز فاكنر، رویندر جدیجہ، ڈیون براوو اور برینڈن میکلم کو اپنی ٹیم میں شامل کیا ہے۔

اس کے لیے دونوں ٹیموں کو 39 کروڑ روپے خرچ کرنے پڑے ہیں جبکہ باقی 27 کروڑ کا استعمال وہ بنگلور میں ہونے والی نیلامی میں کریں گے۔

تصویر کے کاپی رائٹ PTI
Image caption اس ڈرافٹ نیلامی میں چینّئی کے سات اور راجستھان کے تین کھلاڑے منتخب کیے گئے

جن کھلاڑیوں کا ڈرافٹ نیلامی میں انتخاب نہیں ہو سکا ہے اب وہ بنگلور میں ہونے والی عام نیلامی میں شامل کیے جائیں گے۔

دھونی کو ساڑھے بارہ کروڑ جبکہ رہانے کو ساڑھے نو کروڑ میں خریدا گیا۔

ایشون ساڑھے سات کروڑ، سٹیون سمتھ ساڑھے پانچ کروڑ اور فاف ڈوپلیسی چار کروڑ روپے میں فروخت ہوئے۔

اسی طرح راج کوٹ نے سریش رائنا کو ساڑھے بارہ کروڑ، رویندر جدیجہ کو ساڑھے نو، برینڈن میکلم کو ساڑھے سات کروڑ، فاکنر ساڑھے پانچ کروڑ اور براوو کی خدمات کو چار کروڑ میں حاصل کیا۔

چنّئی سوپر کنگس کے سات کھلاڑی فروخت ہوئے جبکہ راجستھان کے تین کھلاڑی اس نیلامی میں شامل تھے۔

دونوں ٹیموں نے اپنے سارے ڈرافٹ کوٹے کا استعمال کر لیا ہے۔

اسی بارے میں