ڈربن ٹیسٹ میں انگلینڈ کی پوزیشن مضبوط

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption اپنا پہلا میچ کھیلنے والے ایلکس ہیلز دوسری اننگز میں بھی بڑا سکور کرنے میں ناکام رہے

جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر انگلینڈ کی ٹیم ایک مضبوط پوزیشن میں ہے اور اسے میزبان ٹیم پر 261 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہے۔

ڈربن میں پیر کو جب کھیل ختم ہوا تو انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز بنا لیے تھے۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

جب کھیل رکا تو کریز پر نصف سنچری بنانے والے جو روٹ اور جیمز ٹیلر موجود تھے جنھوں نے بالترتیب 60 اور 24 رنز بنائے تھے۔

انگلینڈ کی جانب سے اپنی دوسری اننگز کا آغاز ہیلز اور کک نے کیا تھا تاہم کک سات اور اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے ہیلز 26 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

ان دونوں کھلاڑیوں کو پیٹڈ نے آؤٹ کیا۔

اس سے قبل جنوبی افریقہ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 216 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔

جنوبی افریقہ کی اننگز میں ایلگر اور اے بی ڈی ویلیئرز کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی انگلش بولروں کا پر اعتماد انداز میں سامنا نہ کر سکا۔

ایلگر نے 118 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ ڈی ویلئیرز 49 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

دیگر کھلاڑیوں میں وین زل، ایبٹ اور مورکل صفر، ہاشم آمہ سات، ڈو پلیسس اور ڈومنی دو دو، باوما دس، سٹین 17 اور پیٹڈ ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔

انگلینڈ کی جانب سے کرس براڈ اور معین علی نے چار، چار اور فن نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

خیال رہے کہ انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں 303 رنز بنائے تھے۔

اسی بارے میں