سٹوکس کی ڈبل سنچری، انگلینڈ مضبوط پوزیشن میں

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption بین سٹوکس اور جونی بیرسٹو کے درمیان پانچویں وکٹ کے لیے 399 رنز کی شراکت ہوئی

کیپ ٹاؤن میں جاری سیریز کے دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں انگلش آل راؤنڈر بین سٹوکس کی جارحانہ بلے بازی کے بعد جنوبی افریقہ کے بلے بازوں نے پراعتماد انداز میں بلے بازی کی ہے۔

میچ کے دوسرے دن کھیل کے اختتام پر انگلینڈ کے 629 رنز کے جواب میں میزبان ٹیم نے پہلی اننگز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 141 رنز بنا لیے تھے۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

ڈربن ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ کو شکست

جب کھیل ختم ہوا تو کریز پر ہاشم آملہ اور ابراہم ڈیویلیئرز موجود تھے اور ان دونوں کے درمیان 56 رنز کی شراکت ہو چکی ہے۔

اس دوران آملہ نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 29ویں نصف سنچری بھی مکمل کی ہے۔

آؤٹ ہونے والے پہلے جنوبی افریقی بلے باز وین زل تھے جو اننگز کے آغاز میں ہی رن آؤٹ ہوئے۔ ان کے جانے کے بعد ایلگر اور آملہ کے درمیان 78 رنز کی شراکت ہوئی جسے سٹوکس نے ایلگر کو آؤٹ کر کے توڑا، وہ 44 رنز بنا سکے۔

اس سے قبل چائے کے وقفے سے کچھ دیر قبل انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز چھ وکٹوں کے نقصان پر 629 رنز بنا کر ڈیکلیئر کی۔

سٹوکس کی ڈبل سنچری اور جونی بیرسٹو کی سنچری کی بدولت انگلینڈ کی ٹیم یہ بڑا سکور کرنے میں کامیاب رہی۔

بین سٹوکس اور جونی بیرسٹو نے اتوار کو اننگز پانچ وکٹوں کے نقصان پر 317 رنز سے شروع کی اور جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے سکور میں مزید 305 رنز کا اضافہ کر ڈالا۔

سٹوکس اور بیرسٹو نے فی اوور سات رنز سے زیادہ کی اوسط سے سکور کیا۔

ان دونوں کے درمیان چھٹی وکٹ کے لیے 399 رنز کی شراکت ہوئی جو اس وکٹ کے لیے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کی سب سے بڑی شراکت ہے۔

اس دوران سٹوکس انگلینڈ کی جانب سے تیز ترین اور ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کی دوسری تیز ترین ڈبل سنچری بنانے میں کامیاب رہے۔

ٹیسٹ کرکٹ کی تیز ترین ڈبل سچنری بنانے کا اعزاز نیوزی لینڈ کے ناتھن ایسٹل کے پاس ہے جنھوں نے انگلینڈ کے خلاف 153 گیندوں پر ڈبل سنچری مکمل کی تھی۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption ہاشم آملہ نصف سنچری بنانے کے بعد جنوبی افریقی اننگز کو سنبھالنے کی کوشش میں مصروف رہے

سٹوکس نے 163 گیندوں پر ڈبل سنچری بنائی اور 11 چھکوں اور 30 چوکوں کی مدد سے 198 گیندوں پر 258 رنز کی اننگز کھیل کر رن آؤٹ ہوئے۔

یہ چھٹے نمبر پر بلے بازی کے لیے آنے والے کسی بھی ٹیسٹ کرکٹر کی جانب سے سب سے بڑا سکور ہے اور سٹوکس سب سے کم گیندوں پر 250 رنز بنانے کا ریکارڈ بنانے میں بھی کامیاب رہے۔

سٹوکس کا ساتھ دینے والے جونی بیرسٹو نے 18 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 150 رنز بنائے۔ ان کے 150 رنز مکمل ہوتے ہی کپتان کک نے اننگز ختم کرنے کا اعلان کیا۔

خیال رہے کہ چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

اس سے قبل ڈربن میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کے جنوبی افریقہ کو 241 رنز سے شکست دی تھی۔

اسی بارے میں