ممبئی کے طالبعلم کی 1000 رنز کی ریکارڈ ساز اننگز

تصویر کے کاپی رائٹ BCCI
Image caption پرنوو نے یہ سکور صرف 323 گیندوں پر بنایا اور ان کی اننگز 59 چھکوں اور 127 چوکوں سے مزین تھی

بھارتی ریاست مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی میں ایک سکول کے طالبعلم نے کرکٹ میچ میں ایک ہزار رنز کی اننگز کھیل کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔

کے سی گاندھی سکول سے تعلق رکھنے والے پرنوو دھنیواد نے یہ ریکارڈ ایچ ٹی بھنڈاری کپ انٹر سکول ٹورنامنٹ کے دوران آریا گوروکل سکول کے خلاف کھیلتے ہوئے بنایا ہے۔

پرنب نے اپنی دو روزہ اننگز کے دوران پیر کو آرتھر کولنز کا 1899 میں بنایا گیا 628 رنز کا ریکارڈ توڑا تھا۔

منگل کو بھی ان کی اننگز جاری رہی اور وہ 1009 رنز بنانے میں کامیاب ہوگئے۔

پرنب نے یہ سکور صرف 323 گیندوں پر بنایا اور ان کی اننگز 59 چھکوں اور 127 چوکوں سے مزین تھی۔

تصویر کے کاپی رائٹ Pranav Dhanawade
Image caption پرنوو دھنیواد کی اس اننگز پر بھارت میں سوشل میڈیا پر بھی بہت دلچسپی دکھائی جا رہی ہے

اس ریکارڈ ساز اننگز کی بدولت ان کی ٹیم نے 1465 رنز پر اننگز ڈیکلیئر کر دی۔

اس اننگز کے بعد بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز سے بات کرتے ہوئے پرنب کا کہنا تھا کہ ’جب میں نے کھیلنا شروع کیا تو ریکارڈ توڑنے کی بات میرے ذہن میں نہیں تھی۔ میں تو بس اپنے انداز سے کھیلتا رہا جو کہ آغاز سے ہی جارحانہ انداز اپنانا ہے۔‘

خیال رہے کہ ممبئی میں سکول کرکٹ نے ملک کو سچن تندولکر، ونود کامبلی اور روہت شرما جیسے کھلاڑی دیے ہیں۔

پرنب دھنیواد کی اس اننگز پر بھارت میں سوشل میڈیا پر بھی بہت دلچسپی دکھائی جا رہی ہے اور اس وقت بھارت میں ٹوئٹر پر یہ ٹاپ ٹرینڈ ہے۔