سٹیورٹ براڈ آئی سی سی رینکنگ میں پہلے نمبر پر

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption نئی ٹیم ٹیسٹ رینکنگ کا اعلان انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے مابین کھیلے جانے والی سیریز کے بعد کیا جائے گا

آئی سی سی کی جانب سے جاری کی گئی ٹیسٹ باؤلنگ کی رینکنگ کے مطابق انگلینڈ کے سٹیورٹ براڈ 880 پوائنٹس کے ساتھ نمبر ون پوزیشن پر آگئے ہیں۔

29 سالہ سٹیورٹ گزشتہ گیارہ برسوں میں ٹیسٹ باؤلنگ رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن پر آنے والے پہلے انگلش باؤلر ہیں۔

سنیچر کو جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں انھوں نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 17 رنز کے عوض 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

نئی رینکنگ کے مطابق 871 پوائنٹس کے ساتھ بھارت کے ایشون دوسرے اور 850 پوائنٹس کے ساتھ جنوبی افریقہ کے باؤلر ڈیئرل سٹین تیسری نمبر پر ہیں۔

خیال رہے کہ سٹیو ہارمسن ٹسیٹ باؤلنگ رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر برجمان ہونے والے آخری انگلیش باؤلر تھے وہ سنہ 2004 میں 120 دن تک رینکنگ میں پہلے نمبر پر رہے۔

اُس سے پہلے ایئن بوتھم سنہ 1980 میں ٹیسٹ کرکٹ کے بہترین باؤلر قرار دیے گئے تھے۔

انگلینڈ کے باؤلر جیمز اینڈرسن ریکنگ میں پانچویں نمبر پر ہیں۔

انگلینڈ کے بلے باز جوروٹ جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گئے حالیہ ٹیسٹ میچ میں سینچری سکور کرنے کے بعد بیٹنگ ریکنگ میں دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔

آئی سی سی کی ٹیسٹ ٹیم ریکنگ میں انڈیا پہلے نمبر پر آ جائے گا اور اس کی وجہ جنوبی افریقہ کی انگلینڈ کے خلاف کھیلے گئے حالیہ دو ٹیسٹ میچیز میں شکست ہے۔ جنوبی افریقہ اگر تیسرا ٹیسٹ انگلینڈ کو ہرا بھی دیتا ہے تو تب بھی اس کے پوائنٹس انڈیا سے کم رہیں گے۔

دوسری جانب اگر آخری ٹیسٹ میں بھی انگلینڈ کی فتح ہوتی ہے تو وہ اس کے باوجود پانچویں پوزیشن پر ہی رہے گا۔

خیال رہے کہ نئی ٹیم ٹیسٹ رینکنگ کا اعلان انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے مابین کھیلے جانے والی سیریز کے بعد کیا جائے گا۔

اسی بارے میں