شان ٹیٹ کی پانچ برس بعد آسٹریلوی سکواڈ میں واپسی

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption روڈ مارش کے مطابق شان ٹیٹ کی تیز رفتاری نے انھیں ٹیٹ کو ٹیم میں شامل کرنے پر مجبور کیا

آسٹریلیا کے تیز رفتار بولر شان ٹیٹ کو پانچ سال کی غیر حاضری کے بعد بھارت کے خلاف کھیلے جانے والی تین میچوں کی ٹی 20 سیریز کے لیے قومی سکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔

32 سالہ ٹیٹ نے آخری بار 2011 میں بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کی نمائندگی کی تھی۔

آسٹریلیا کے نئے عالمی ریکارڈز

اب وہ بگ بیش لیگ کے مقابلوں میں ہوبارٹ ہریکین کی نمائندگی کرنے کے بعد بھرپور فارم میں ہیں۔

آل راؤنڈر شین واٹسن اور آف سپنر نیتھن لیئون کو بھی تین میچوں کی اس سیریز کے لیے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

اس سیریز میں ان کی کارکردگی اس سال مارچ میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ میں ان کی شمولیت کا فیصلہ کرے گی۔

آسٹریلوی سلیکشن بورڈ کے چیئر مین روڈ مارش کا کہنا ہے کہ ’شون ٹیٹ اس وقت آسٹریلیا کے تیز ترین بولر ہیں اور ان کی اس تیز رفتاری نے ہمیں ان کو ٹیم میں شامل کرنے پر مجبور کیا ہے۔‘

شین واٹسن کی شمولیت کے بارے میں روڈ مارش کا کہنا ہے کہ ’شین واٹسن کو ان کے تجربے کی بنیاد پر ٹیم میں شامل کیاگیا ہے، خاص طور پر مختصر دورانیے کی کرکٹ میں۔ وہ ایک آل راؤنڈر پیکج ہیں اور سب سے بڑھ کر وہ فارم میں ہیں۔‘

آسٹریلیا نے بھارت کی خلاف ون ڈے سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرنے کے بعد اگلے دو ون ڈے میچوں کے لیے بھی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں۔

نیتھن لیون کو فاسٹ بولر جیئول پیرس کی جگہ جبکہ ڈیوڈ وارنر کو عثمان خواجہ کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

عثمان خواجہ اپنے دوسرے بچے کی ولادت کے باعث ان میچوں میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔

اسی بارے میں