انور علی کا باؤنسر، مچل کی آنکھ کے اوپر فریکچر

تصویر کے کاپی رائٹ Getty

ویلنگٹن ایک روزہ میچ میں باؤنسر لگنے سے نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر مچل میک کلینیگن کی بائیں آنکھ کے اوپر ہیئر لائن فریکچر ہو گیا ہے۔

پیر کو کھیلے گئے میچ کی پہلی اننگز کے آخری اوور کے دوران گیند اُن کی ہلیمٹ کو توڑتے ہوئے سر پر جا لگی۔

چوٹ کے باعث وہ نیپیئر میں کھیلے جانے والے دوسرے ایک روزہ میچ سے باہر ہوگئے ہیں جبکہ اتوار کو ہونے والے تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں بھی اُن کی شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔

کرک انفو کے مطابق جمعے کے روز اُن کی آکلینڈ میں معمولی سرجری ہونی ہے۔

مچل 17 گیندوں پر 31 رنز کے عوض بیٹنگ کر رہے تھے جب انور علی کی آخری گیند اُن کے ہیلمٹ کی جالی توڑتی ہوئی اُن کی بائیں آنکھ لگی۔

گیند لگنے کے فوری بعد پاکستانی کھلاڑی اور نان سٹرائیک اینڈ پر کھڑے ہوئے میٹ ہینری جب تک ان تک پہنچے مچل زمین پر گر چکے تھے۔

ابتدائی طبی امداد کے بعد وہ اپنے پیروں پر تو کھڑے ہوگئے لیکن میدان سے باہر جاتے ہوئے اُن کی آنکھ کافی سوج چکی تھی۔

زخمی ہونے کے باعث اُنھوں نے دوسری اننگ میں پاکستان کے خلاف بولنگ بھی نہیں کی، اور وہ اِس دوران ہسپتال میں ہی رہے۔

میچ جیتنے پر اُنھوں نے اپنی صحت اور میچ کے بعد اپنی ساتھی کھلاڑیوں کو مبارکباد دینے کے لیے ٹویٹ کیا۔

اُنھوں نے ٹویٹ کیا ہے کہ ’آپ تمام کے خدشات کا شکریہ۔ ہر چیز ٹھیک ہے یہ صرف چند ٹوٹی ہوئی ہڈیاں ہوسکتی ہیں۔ یہ لڑکوں کے لئے عظیم جیت ہے۔‘

اسی بارے میں