دوسرے ون ڈے میں آسٹریلیا فاتح، سیریز برابر

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption ڈیوڈ وارنر نے آٹھ چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 98 رنز کی شاندار اننگز کھیلی

ویلنگٹن میں کھیلے جانے والے دوسرے ایک روزہ میچ میں آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو چار وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں پر مشتمل سیریز ایک ایک سے برابر کر دی ہے۔

آسٹریلیا نے 282 رنز کا مطلوبہ ہدف 46.3 اوور میں حاصل کر لیا۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

آسٹریلیا کی جانب سے عثمان خواجہ اور ڈیوڈ وارنر نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 122 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو مضبوط آغاز فراہم کیا۔

ڈیوڈ وارنر نے آٹھ چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 98 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تاہم وہ بدقسمتی سے اپنا سنچری مکمل نہ کر سکے۔

آسٹریلیا کے دیگر بیٹسمینوں میں مچل مارش نے نو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 69 جبکہ جان ہیسٹنگز نے پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 48 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے مچل سانٹنر نے تین، میٹ ہنری نے دو اور ٹرینٹ بولٹ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے پہلے نیوزی لینڈ نے آسٹریلیا کو جیتنے کے لیے 282 رنز کا ہدف دیا تھا۔

نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 281 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے مارٹن گپٹل اور برینڈن مکلم نے اننگز کا آغاز کیا۔

نیوزی لینڈ کا آغاز اچھا نہ تھا اور صرف 35 رنز کے مجموعی سکور پر اس کی پہلی وکٹ گر گئی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے کین ویلیم سن نے پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 60 اور مچل سانٹنر نے تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 45 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

آسٹریلیا کی جانب سے ہیلز وڈ نے تین، سکاٹ بو لینڈ اور مچل مارش نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اسی بارے میں