پشاور زلمی کی لاہور قلندر کو 9 وکٹوں سے شکست

تصویر کے کاپی رائٹ Getty

پی ایس ایل میں سنیچر کو کھیلے گئے دوسرے میچ میں لاہور قلندر کا 118 رنز کا ہدف پشاور زلمی نے 16 اوورز میں حاصل کر کے میچ جیت لیا۔ اوپنر محمد حفیظ اور تمیم اقبال کی پارٹنرشپ نے ٹیم کو جیت سے ہمکنار کیا۔ پشاور زلمی کی پی ایس ایل میں یہ دوسری لگاتار جیت ہے۔

پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر لاہور قلندر کو بیٹگ کی دعوت دی تھی۔

20 اوورز کے اس میچ میں لاہور قلندر کے کھیل کا آغاز ہی لڑکھڑاتا ہوا تھا جب پہلی ہی گیند پر کرس گیل کو جنید خان نے بولڈ کر دیا۔دوسرے آوٹ ہونے والے کھلاڑی ڈلپورٹ تھے جو رن آؤٹ ہوئے۔

اس کے بعد دوسرے اوور میں محمد رضوان بھی 4 کے انفرادی سکور پر ٹیٹ کی گیند پر کامران اکمل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

لاہور قلندر کی چوتھی وکٹ اُس وقت گری جب محمد اصغر کی گیند پر کامران اکمل نے عمر اکمل کو 21 کے انفرادی سکور پر کیچ آؤٹ کیا۔

اظہر علی 31 رنز بنا کر جبکہ وہاب ریاض پشاور زلمی کے بولر براوو کی گیند پر کامران اکمل کے ہاتھوں وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوگئے۔

ایک کمزور آغاز اور وکٹوں کے پے در پے نقصان بعد بھی لاہور قلندر مجموعی سکور کو 117 تک پہنچانے میں کامیاب رہی اور اس کے 6 کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔

پشاور زلمی نے 118 رنز کے ہدف کا آغاز محتاط انداز میں کیا اور 11 اورز کے اختتام پر اوپنر محمد حفیظ اور تمیم اقبال کی پارٹنر شپ میں 93 رنز بنے لیکن اوپنر محمد حفیظ 43 رنز بنا کر منڈس کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

محمد حفیظ کے بعد تمیم اقبال اور ڈیوڈ میلان نے 16 اورز میں ٹیم کو جیت سے ہمکنار کیا۔ تمیم اقبال 55 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے اور مین آف دی میچ قرار پائے۔

پاکستان سپر لیگ میں پشاور زلمی کی یہ دوسری لگاتار کامیابی ہے اس سے قبل پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیڈڈ کو شکست دی تھی جبکہ لاہور قلندر اس سے پہلے کراچی گنگز سے بھی ہار چکی ہے۔

اسی بارے میں