نیوزی لینڈ نے چیپل ہیڈلی سیریز جیت لی

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption اپنا آخری ایک روزہ میچ کھیلنے والے برینڈن میکلم نے 27 گیندوں پر چھ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 47 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی

نیوزی لینڈ نے ایک روزہ میچوں کی سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں آسٹریلیا کو 55 رنز سے شکست دے کر چیپل ہیڈلی سیریز دو ایک سے جیت لی ہے۔

ہیملٹن میں کھیلے جانے والے میچ میں میزبان ٹیم نے آسٹریلیا کو فتح کے لیے 247 رنز کا ہدف دیا لیکن مہمان ٹیم 44ویں اوور میں 191 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

پیر کو نیوزی لینڈ کی جانب سے مارٹن گپٹل اور برینڈن میکلم نے اننگز کا آغاز کیا اور ٹیم کو 84 رنز کا آغاز دیا۔

اس موقع پر اپنا آخری ایک روزہ میچ کھیلنے والے میکلم 27 گیندوں پر چھ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 47 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

میکلم نے پویلین لوٹنے کے بعد گپٹل نے نصف سنچری مکمل کی تاہم وہ اس کے بعد زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہرے اور 59 کے سکور پر زمپا کی وکٹ بنے۔

بعد میں آنے والے بلے بازوں میں سے گرانٹ ایلیئٹ کے علاوہ کوئی جم کر نہ کھیل سکا جنھوں نے 50 رنز بنائے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty

نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 46ویں اوور میں 246 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔

آسٹریلیا کی جانب سے مچل مارش نے تین جبکہ سکاٹ بولینڈ، ہیسٹنگز اور جوش ہیزل وڈ نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

247 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی جانب سے عثمان خواجہ اور ڈیوڈ وارنر نے اننگز کا آغاز کیا لیکن گذشتہ میچ کے برعکس پہلی وکٹ کی شراکت میں صرف 39 رنز بنا سکے۔

ڈیوڈ وارنر 16 رنز بنا سکے جبکہ عثمان خواجہ نے 44 رنز کی اننگز کھیلی۔ آسٹریلیا کے دیگر بیٹسمینوں میں مچل مارش نے 41 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے میتھیو ہنری نے تین جبکہ کورے اینڈرسن اور ایش سوڈھی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اسی بارے میں