’میچ کے دوران جھگڑنے پر وہاب اور احمد کو جرمانہ‘

تصویر کے کاپی رائٹ PSL

متحدہ عرب امارات میں جاری پاکستان سپر لیگ کرکٹ مقابلوں کے ایک میچ میں آپس میں میں الجھنے پر پاکستانی کھلاڑیوں وہاب ریاض اور احمد شہزاد پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

ان دونوں کھلاڑیوں کے درمیان اتوار کی شب شارجہ میں پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مابین کھیلے گئے میچ کے دوران تلخ کلامی ہوئی تھی۔

یہ میچ پشاور زلمی نے آٹھ وکٹوں سے جیت لیا تھا۔

اس واقعے پر میچ کے ریفری سری لنکا کے روشن مہانامہ نے دونوں کھلاڑیوں کو آئی سی سی کے ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا۔

بی بی سی کے نامہ نگار عبدالرشید شکور کے مطابق اس سلسلے میں وہاب ریاض کو ان کی میچ فیس کا 40 فیصد جبکہ احمد شہزاد کو میچ فیس کا 30 فیصد بطور جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ PSL

پاکستان کی قومی ٹیم کے دونوں ارکان کے مابین لڑائی کا یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب احمد شہزاد وہاب ریاض کو چھکا مارنے کے بعد اگلی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

ٹی وی پر دکھائی گئی فوٹیج میں احمد شہزاد کو بلّے سے وہاب کی جانب اشارہ کرتے اور وہاب کو بدکلامی کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

اس بدکلامی کے بعد وہاب نے احمد شہزاد کو دھکا بھی دیا تاہم صورتحال بگڑنے سے قبل ہی دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں اور امپائر نے بیچ بچاؤ کروا دیا تھا۔

اسی بارے میں