’جو کچھ ہوا وہ میرا ایک حرکت پر رد عمل تھا‘

تصویر کے کاپی رائٹ PSL
Image caption اس میچ میں جو کچھ ہوا وہ میرا ایک حرکت پر رد عمل تھا: وہاب ریاض

پاکستان کرکٹ ٹیم اور پاکستان سپر لیگ میں پشاور زلمی کے فاسٹ بولر وہاب ریاض نے نوجوانوں سے کہا ہے کہ پی ایس ایل میچ میں ان کے اور احمد شہزاد کے درمیان جو کچھ ہوا اس سے کوئی اثر قبول نہ کریں۔

ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے وہاب ریاض نے کہا ’اس میچ میں جو کچھ ہوا وہ میرا ایک حرکت پر رد عمل تھا۔ لیکن میں اس کی تفصیلات میں نہیں جانا چاہتا۔ میں لوگوں کو یہ کہنا چاہتا ہوں کہ اس واقعے کا اثر قبول نہ کریں۔‘

یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کرکٹ مقابلوں کے ایک میچ میں وہاب ریاض اور احمد شہزاد الجھ پڑے تھے۔

ان دونوں کھلاڑیوں کے درمیان اتوار کی شب شارجہ میں پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مابین کھیلےگئے میچ کے دوران تلخ کلامی ہوئی تھی۔

اس واقعے پر میچ کے ریفری سری لنکا کے روشن مہانامہ نے دونوں کھلاڑیوں کو آئی سی سی کے ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا۔

اس سلسلے میں وہاب ریاض کو ان کی میچ فیس کا 40 فیصد جبکہ احمد شہزاد کو میچ فیس کا 30 فیصد بطور جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ PSL
Image caption جو کچھ فیلڈ پر ہوا وہ فیلڈ تک رہتا ہے۔ میرے لیے اپنے پاکستانی ٹیم کے ساتھی کے لیے دلی تمنائیں ہیں: احمد شہزاد

پاکستان کی قومی ٹیم کے دونوں ارکان کے مابین لڑائی کا یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب احمد شہزاد وہاب ریاض کو چھکا مارنے کے بعد اگلی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

ٹی وی پر دکھائی گئی فوٹیج میں احمد شہزاد کو بلّے سے وہاب کی جانب اشارہ کرتے اور وہاب کو بدکلامی کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

اس بدکلامی کے بعد وہاب نے احمد شہزاد کو دھکا بھی دیا تاہم صورتحال بگڑنے سے قبل ہی دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں اور امپائر نے بیچ بچاؤ کروا دیا تھا۔

اس سے قبل احمد شہزاد نے بھی اس واقعے کے حوالے سے وہاب ریاض کے لیے پیغام دیا کہ ’جو کچھ فیلڈ پر ہوا وہ فیلڈ تک رہتا ہے۔ میرے لیے اپنے پاکستانی ٹیم کے ساتھی کے لیے دلی تمنائیں ہیں۔‘

اسی بارے میں