ورلڈ ٹی 20: سری لنکن ٹیم میں ملنگا اور ہیراتھ کی واپسی
آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 اور ایشیا کپ کے لیے سری لنکا کی ٹیم میں لستھ ملنگا کی بطور کپتان واپسی ہوئی ہے۔
آئی سی سی کی طرف کی جاری کردہ بیان کے مطابق جمعرات کو سری لنکن سلیکٹرز نے سپنر رنگنا ہیراتھ کو بھی دونوں ٹورنامنٹس کے لیے ٹیم میں شامل کیا ہے۔
37 ہیراتھ نے نو ٹی 20 انٹرنیشنل کھیلے ہیں اور انھوں نے آخری بار 2014 میں بھارت کے خلاف ورلڈ ٹی 20 کے فائنل میں سری لنکا کی نمائندگی کی تھی۔
جبکہ لیستھ ملنگا اکتوبر اور نومبر میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلی جانے والی ہوم سیریز میں گھنٹے کی تکلیف کے باعث ٹیم سے باہر ہوگئے تھے اور نیوزی لینڈ اور بھارت کے خلاف سیریز نہیں کھیل پائے تھے۔
سری لنکا کی ٹیسٹ اور ایک روزہ ٹیم کے کپتان انجیلو میتھیوز کی بھی ٹی 20 سکواڈ میں واپسی ہوئی ہے اور وہ نائب کپتانی کے فرائض سرانجام دیں گے۔
نئے کھلاڑیوں مین دسن شناکا، نروشن ڈکوالا اور شہان جے سوریا کو بھی سکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔
سری لنکا کی ٹیم مارچ میں بھارت میں کھیلے جانے والے ورلڈ ٹی 20 کے گروپ اے میں شامل ہیں، ایک کوالیفائر میچ کے علاوہ سری لنکا کا اپنے گروپ میں ویسٹ انڈیز، انگلینڈ اور جنوبی افریقہ سے سامنا ہوگا۔
سری لنکا کا ورلڈ ٹی 20 اور ایشیا کپ کے لیے سکواڈ؛ لیستھ ملنگا (کپتان)، انجیلو میتھیوز (نائب کپتان)، دنیش چندی مل (وکٹ کیپر)، تلکرتنے دلشان، نروش ڈکوالا (وکٹ کیپر)، شہان جے سوریا، میلندا سریوردینا، دسن شناکا، چمارا کپوگیدریرا، نوان کلوسیکرا، دشمنتھا چمیرا، تھسارا پیریرا، سچیتھرا سینانائیکے، رنگنا ہیراتھ اور جیفری وندرسے۔