میسی کے دو گول، بارسلونا کی آرسنل پر فتح

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption میسی نے دونوں گول میچ کے دوسرے ہاف میں کیے

یورپی چیمپیئنز لیگ فٹبال مقابلوں میں ہسپانوی کلب بارسلونا نے اپنے سٹار کھلاڑی لیونل میسی کے دو گولوں کی بدولت برطانوی کلب آرسنل کو اس کے ہوم گراؤنڈ پر شکست دے دی ہے۔

پیر کی شب لندن میں ایمیریٹس سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آرسنل کے کھلاڑیوں کے پاس میسی، نیمار اور لوئی سواریز کے عمدہ کھیل کا کوئی جواب نہ تھا۔

میچ کے آغاز میں آرسنل کے ایلکس چیمبرلین اور اولیویر جروڈ کو اپنی ٹیم کو برتری دلوانے کے مواقع ملے مگر وہ ان سے فائدہ نہ اٹھا سکے۔

میسی اپنی ٹیم کی جانب سے پہلا گول میچ کے 71ویں منٹ میں کیا۔ اس گول کے لیے انھیں سواریز اور نیمار کی مدد حاصل رہی۔

12 منٹ بعد کھیل کے 83ویں منٹ میں بارسلونا کو اس وقت پینلٹی شاٹ ملی جب آرسنل کے متبادل کھلاڑی میتھیو فلیمینی نے میسی کو ڈی میں گرایا۔

میسی نے اس موقع پر ملنے والی پینلٹی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بارسلونا کی برتری دوگنی کر دی اور یہ برتری کھیل کے اختتام تک قائم رہی۔

اب آرسنل کی ٹیم اس مرحلے کا دوسرا میچ کھیلنے کے لیے تین ہفتے بعد بارسلونا کا رخ کرے گی۔

ہوم گراؤنڈ پر بارسلونا سے شکست کے بعد آرسنل کے اگلے مرحلے میں پہنچنے کے امکانات کو شدید دھچکا پہنچا ہے۔

اسی بارے میں