ایشیا کپ: بھارت کی پانچ وکٹوں سے جیت

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

بنگلہ دیش میں جاری ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں بھارت نے پاکستان کو باآسانی پانچ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

آج کے میچ کی خاص بات پاکستانی بیٹنگ کی ناکامی اور محمد عامر کا شاندار بولنگ سپیل تھا۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کی پوری ٹیم 17.3 اوورز میں صرف 83 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

جواب میں بھارت کی ٹیم نے 84 رنز کا ہدف وراٹ کوہلی اور یوراج سنگھ کی عمدہ شراکت کی بدولت 15.3 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

تفصیلی سکور کارڈمیچ کی تصاویرمیچ کی لائیو اپ ڈیٹس

بھارت نے جب اپنی اننگز کا آغاز کیا تو محمد عامر کی عمدہ بولنگ کی وجہ سے پہلے ہی اوور میں اس کی دو وکٹیں گر گئیں۔ روہت شرما اور اجنکا ریہانے بنا کوئی رنز بنائے ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔

جس کے بعد وراٹ کوہلی کا ساتھ دینے کے لیے سریش رائنا کریز پر آئے لیکن وہ بھی زیادہ دیر وکٹ پر رک نہ سکے اور محمد عامر ہی کی گیند پر ایک رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

بھارتی ٹیم کو دباؤ سے نکالنے کے لیے وراٹ کوہلی اور یوراج سنگھ نے اہم کردار ادا کیا اور چوتھی وکٹ کی شراکت میں 68 رنز بنائے۔

وراٹ کوہلی 51 گیندوں پر سات چوکوں کی مدد سے 49 رنز بنا کر محمد سمیع کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے جبکہ یوراج سنگھ نے 14 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

وراٹ کوہلی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے تین اور محمد سمیع نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل بھارت نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو سوائے سرفراز احمد کے کوئی بھی بلے باز جم کر نہ کھیل سکا اور وقفے وقفے سے پاکستانی وکٹیں گرتی رہیں۔

سرفراز احمد نے 24 گیندوں میں 25 رنز سکور کیے جبکہ خرم منظور 10 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کے آٹھ کھلاڑی دہرے ہندسے میں بھی داخل نہیں ہو سکے۔ محمد حفیظ چار، شرجیل خان سات، شعیب ملک چار اور عمر اکمل تین رنز ہی بنا سکے۔ کپتان شاہد آفریدی صرف دو رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔

بھارت کی جانب سے ہردک پانڈیا نے تین اور رویندرا جدیجہ نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ اشیش نہرا، جسپریت بمراہ اور یوراج سنگھ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اسی بارے میں