ایشیا کپ میں متحدہ عرب امارات کے خلاف پہلا میچ

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption بھارت کے خلاف میچ میں محمد عامر نے زبردست بولنگ کا مظاہرہ کیا

ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی میں آج پاکستانی کرکٹ ٹیم اپنے دوسرے میچ میں متحدہ عرب امارات کے مدمقابل ہے ۔

دونوں ٹیموں کے درمیان یہ پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ہے اس سے قبل پاکستان نے متحدہ عرب امارات کے خلاف کھیلے گئے تینوں ون ڈے انٹرنیشنل جیت رکھے ہیں۔

ایشیا کپ میں پاکستان کو بھارت کے خلاف اپنے پہلے میچ میں پانچ وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

متحدہ عرب امارات کی ٹیم کوالیفائنگ راؤنڈ میں افغانستان کو شکست دے کر ٹورنامنٹ میں آئی ہے تاہم اسے ابھی تک اپنے دونوں میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

سری لنکا کے خلاف اسے صرف 14 رنز سے شکست ہوئی جبکہ بنگلہ دیش نے اسے 51 رنز سے ہرایا۔

ایشیا کپ میں بھارتی ٹیم دونوں میچز جیت کر چار پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے بنگلہ دیش کے بھی چار پوائنٹس ہیں تاہم اس نے تین میچز کھیلے ہیں۔

گزشتہ رات اس نے سری لنکا کو 23رنز سے ہرادیا۔ یہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں بنگلہ دیش کی سری لنکا کے خلاف پہلی کامیابی ہے جس میں صابر رحمن کے شاندار اسی رنز نے اہم کردار ادا کیا ان کی اننگز میں تین چھکے اور دس چوکے شامل تھے۔

متحدہ عرب امارات کی ٹیم میں ایشیائی کھلاڑیوں کی اکثریت ہے۔ ٹیم کے کپتان امجد جاوید اور کوچ عاقب جاوید دونوں کا تعلق پاکستان سے ہے۔

متحدہ عرب امارات کی ٹیم گزشتہ سال آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ہونے والے عالمی کپ میں بھی حصہ لے چکی ہے جس میں وہ آئرلینڈ کو ہرانے کے قریب پہنچ گئی تھی۔ اس میچ میں آئرلینڈ نے صرف دو وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی تاہم وہ میچ امارات کے بیٹسمین شائمن انور کی شاندار سنچری کی وجہ سے یاد رکھا جاتا ہے۔

متحدہ عرب امارات کی ٹیم نے ابھی تک سولہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے ہیں جن میں سے اس نے چھ جیتے ہیں لیکن وہ کسی ٹیسٹ رکن ملک کے خلاف پہلی کامیابی کی منتظر ہے۔

اسی بارے میں