بنگلہ دیش سے شکست، پاکستان ایشیا کپ سے باہر

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کا فائنل اتوار کو بنگلہ دیش اور بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا

بنگلہ دیش میں جاری ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے ایک اہم میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔

بنگلہ دیش کی ٹیم نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو کسی بھی موقع پر ہاوی نہیں ہونے دیا۔

ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کا فائنل اتوار کو بنگلہ دیش اور بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا۔

ڈھاکہ میں کھیلے گئے اس میچ میں بنگلہ دیش نے 130 رنز کا ہدف پانچ وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور کی پہلی گیند پر حاصل کر لیا۔

آخری اوور میں بنگلہ دیش کو جیتنے کے لیے صرف تین رنز درکار تھے۔

بنگلہ دیش کی اننگز کے 19 ویں اوور میں محمد سمیع نے 15 رنز دے کر پاکستان کی جیت کی امیدیں ختم کر دیں۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

اس سے پہلے بنگلہ دیش نے اننگز کا آغاز کیا تو دوسرے ہی اوور میں تمیم اقبال کی وکٹ گر گئی لیکن اس کے بعد صومیا سرکار نے عمدہ بلے بازی کی۔ انھوں نے 48 رنز کی اہم اننگز کھیلی اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

اننگز کے آخری اووروں میں محمد اللہ نے 22 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو کامیابی دلا دی۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption پاکستان کے خلاف ایشیا کپ کے اہم میچ میں بنگلہ دیش کے بولرز عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا اور پاور پلے میں تین وکٹیں حاصل کیں

بنگلہ دیش کی جانب سے صابر رحمان نے 14 اور مشفیق الرحیم نے 12 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے دو، جبکہ محمد عرفان، شاہد آفریدی اور شعیب ملک نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز بنائے۔

سرفراز احمد اور شعیب ملک پاکستان کی جانب سے نمایاں بلے باز رہے۔ شعیب ملک نے 41 اور سرفراز احمد نے 58 رنز کی اننگز کھیلی۔

شعیب ملک اور سرفراز احمد نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 70 رنز بنائے۔ ان کے علاوہ کوئی بھی بلے باز جم کر نہ کھیل سکا۔

بنگلہ دیشی بولرز نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے پاکستانی بلے بازوں کو آسانی سے رنز بنانے کا موقع نہیں دیا اور وقفے وقفے سے وکٹیں بھی حاصل کرتے رہے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے ال امین حسین تین اور عرفات سنی دو وکٹیں لے کر نمایاں بولر رہے۔

کپتان شاہد آفریدی ایک بار پھر ناکام رہے اور بنا کوئی رن بنائے کیچ آؤٹ ہوگئے۔

عمر اکمل چار، خرم منظور ایک، محمد حفیظ دو اور شرجیل خان دس رنز ہی بنا سکے۔ جبکہ شاہد آفریدی ایک بار پھر ناکام رہے اور صفر پر آؤٹ ہوئے۔

اسی بارے میں