ایشیا کپ کا اہم میچ، پاکستان اور بنگلہ دیش مدِمقابل

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption اس ٹورنامنٹ میں اب تک پاکستان کے بولروں خصوصاً محمد عامر نے عمدہ کارکردگی دکھائی ہے وہیں پاکستانی بلے باز ایک بار پھر ناکام رہے ہیں

بنگلہ دیش میں جاری ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں بدھ کو پاکستان اپنا تیسرا میچ بنگلہ دیش کے خلاف کھیل رہا ہے۔

ڈھاکہ میں کھیلا جانے والا یہ میچ پاکستان کے مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے چھ بجے شروع ہوگا اور ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچنے کا سفر جاری رکھنے کے لیے پاکستان کو اس میچ میں فتح یاب ہونا ضروری ہے۔

پاکستان نے اب تک اس ٹورنامنٹ میں دو میچ کھیلے ہیں اور جہاں افتتاحی میچ میں اسے بھارت کے ہاتھوں شکست ہوئی وہیں متحدہ عرب امارات کے خلاف میچ میں آغاز میں مشکلات کے بعد عمر اکمل اور شعیب ملک کی ذمہ دارانہ بلے بازی کی بدولت فتح پاکستان کا نصیب بنی۔

اس ٹورنامنٹ میں اب تک پاکستان کے بولروں خصوصاً محمد عامر نے عمدہ کارکردگی دکھائی ہے وہیں پاکستانی بلے باز ایک بار پھر ناکام رہے ہیں۔

پاکستان کے اوپنر اور ٹاپ آرڈر اب تک ٹیم کو ایک مستحکم آغاز دینے میں ناکام رہا ہے اور اب تک کھیلے گئے دونوں میچوں میں ٹاپ آرڈر کی ناکامی نے بعد میں آنے والے بلے بازوں پر شدید دباؤ ڈالا ہے۔

پاکستان سپر لیگ میں عمدہ کارکردگی کی بنیاد پر ٹیم میں شامل کیے جانے والے اوپنر شرجیل خان اس بلے بازی کا جلوہ دکھانے میں ناکام رہے ہیں جو ان کی سکواڈ میں شمولیت کی وجہ بنی تھی۔

ان کے علاوہ پہلی مرتبہ پاکستان کی ٹی 20 ٹیم کا حصہ بننے والے خرم منظور نے دو میچوں میں دس اور صفر کے سکور کے ساتھ اپنے انتخاب پر اٹھنے والی انگلیوں میں اضافہ ہی کیا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Gettyimages
Image caption آج کے میچ میں فتح کی صورت میں بنگلہ دیش کی ٹورنامنٹ کے فائنل تک رسائی کی راہ آسان ہو جائے گی

پاکستان کے برعکس ٹورنامنٹ میں بنگلہ دیش کی کارکردگی بہتر رہی ہے اور افتتاحی میچ میں بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد اس نے متحدہ عرب اماراتاور سری لنکا کے خلاف فتوحات حاصل کی ہیں۔

آج کے میچ میں فتح کی صورت میں بنگلہ دیش کی ٹورنامنٹ کے فائنل تک رسائی کی راہ آسان ہو جائے گی۔

اس میچ کے لیے بنگلہ دیش کو اپنے ریگولر اوپنر تمیم اقبال کی خدمات بھی حاصل ہوں گی جو پاکستان سپر لیگ میں زخمی ہونے کے بعد اب تک ایکشن میں نظر نہیں آئے تھے۔

تاہم بنگلہ دیش بولر مستفیض الرحمان زخمی ہونے کی وجہ سے ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔

یہ دونوں ٹیمیں ایشیا کپ میں آخری مرتبہ چار مارچ 2014 کو مدِ مقابل آئی تھیں اور پاکستان نے یہ میچ تین وکٹ سے جیتا تھا۔

ایشیا کپ میں دونوں ٹیموں کا سب سے یادگار مقابلہ 2012 کا فائنل تھا جس میں پاکستان نے آخری اوور میں اعزاز چیمہ کی عمدہ بولنگ کی بدولت کامیابی حاصل کی تھی۔

اسی بارے میں