خواتین کے ٹی 20 میچوں کی براہِ راست نشریات

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption پاکستان کی خواتین ٹیم بھی اس بار ورلڈ کپ میں شرکت کر رہی ہے

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے خواتین کی کرکٹ کو فروغ دینے کے لیے بھارت میں ہونے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں خواتین کے 13 میچ براہ راست نشر کرنے کا اعلان کیا ہے۔

آئی سی سی کے مطابق یہ پہلی مرتبہ ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں میچ براہ راست نشر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس فہرست میں سیمی فائنلز اور فائنل کے علاوہ گروپ مرحلے کے 22 میں سے 10 میچ شامل ہیں۔

یہ بھی پہلا موقع ہے کہ خواتین اور مردوں کے ٹورنامنٹ ساتھ ساتھ کرائے جا رہے ہیں۔

کرکٹ کی عالمی تنظیم کے مطابق آئی سی سی ٹی وی ان میچوں کی لائیو کوریج کرے گا اور یہ تنظیم کے گلوبل میڈیا پارٹنر سٹار سپورٹس پر نشر کیے جائیں گے۔

آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن کے مطابق خواتین کی کرکٹ کا معیار مسلسل بہتر ہو رہا ہے اور میچ براہ راست نشر کرنے کا فیصلہ خواتین کی کرکٹ کو فروغ دینے کی کوششوں کا ہی حصہ ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption خواتین کے عالمی مقابلوں میں آسٹریلیا فاتح ہے

انھوں نے کہا: ’مجھے یقین ہے کہ اس سے خواتین کے کھیل کو فروغ حاصل ہوگا اور شائقین بھی سٹارز کے کھیل سے لطف اندوز ہوں گے۔‘

آئی سی سی میں خواتین کی کرکٹ کمیٹی کی سربراہ کلیئر کانر نے کہا کہ ’اس فیصلے سے نئی نسل کو بیٹ اٹھانے اور کرکٹ کھیلنے کی تحریک ملے گی۔”

خواتین کی کرکٹ کا یہ پانچواں عالمی کپ ہے جس میں پاکستان کی ٹیم بھی حصہ لے رہی ہے لیکن ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ ٹیم ہندوستان کب پہنچے گی کیونکہ حکومت پاکستان کا کہنا ہے کہ دونوں ٹیموں کو اس بات کا جائزہ لینے کے بعد ہی ہندوستان جانے کی اجازت دی جائے گی کہ ان کی سکیورٹی کے لیے مناسب انتظامات کیے گئے ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption بھارت میں میچز ہونے کے سبب بھارتی ٹیم کو حوصلہ بھی ہوگا لیکن ساتھ دباؤ بھی ہوگا

ہندوستان میں سکیورٹی کے بندوبست کا جائزہ لینے کے لیے پاکستانی اہلکاروں کی دو رکنی ٹیم پیر کو ہندوستان پہنچی ہے اور اس کی رپورٹ کی بنیاد پر ہی یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ ٹیموں کو جانے کی اجازت دی جائے یا نہیں۔

پاکستانی خواتین کی ٹیم پہلے چنئی جائے گی جہاں اسے 10، 12 اور 14 مارچ کو وارم اپ میچ کھیلنے ہیں۔ ٹورنامنٹ میں اس کا پہلا میچ 16 مارچ کو جنوبی افریقہ کے خلاف ہے۔

خواتین کے ٹی 20 مقابلوں میں آسٹریلیا دفاعی چیمپئن ہے۔

اس مرتبہ میدان میں اترنے والی باقی ٹیموں میں پاکستان، ہندوستان، سری لنکا، انگلینڈ، جنوبی افریقہ، آئرلینڈ، نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز شامل ہیں۔

اسی بارے میں