’ٹی 20 ورلڈ کپ دو ارب لوگ دیکھیں گے‘

تصویر کے کاپی رائٹ ICC

مردوں اور عورتوں کے آئی سی سی ورلڈ کپ ٹی20 2016 مقابلے دو ارب سے زیادہ افراد دیکھ پائیں گے۔

آئی سی سی کے اعلامیہ کے مطابق مردوں اور عورتوں کے 48 مقابلے سٹار سپورٹس اور اس کے شراکت کاروں کےذریعے 200 ممالک میں دیکھے جا سکیں گے۔

آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 کے 48 میچوں کو اپنے شریک براڈکاسٹروں کے ذریعے شائقین کرکٹ تک پہنچانے کے اقدامات کیےگئے ہیں۔ مردوں تمام 35 مقابلے جبکہ عورتوں کے 13 میچ براہ راست دکھائے جائیں گے۔

ان میچوں کی کوریج کے چھ الٹرا موشن ہاک آئی اور سپائیڈر کیم سمیت 30 کیمرے نصب کیے جائیں گے۔ کسی فیصلے کے خلاف اپیل کے دوران تھرڈ امپائر کی آڈیو گفتگو بھی سنی جا سکے گی۔

آئی سی سی میچوں کی کوریج کے دوران جن کمنٹیٹروں کو سنا جا سکے گا ان میں وسیم اکرم، رمیز راجہ، اطہر علی خان، رسل آرنلڈ، ہرشا بھوگلے، ایئن بشپ، انجم چوپڑا، گریگ کمنگ، ڈیرن گنگا، سنیل گواسکر، ناصر حسین، میلان جونز، برینڈن جولیئن، نک نائٹ، ڈیوڈ لوئڈ، سنجے منجریکر، ممیلیلو انمبنگوا، ٹام موڈی، شان پولک، مائیکل سلیٹر، لیزا ستھلیکر، سکاٹ سٹائرس، شین وارن اور ایلن ولکنز شامل ہیں۔

ٹی 20 میچوں کی کوریج میچ شروع ہونے سے 30 منٹ پہلے شروع ہو گی جن میں ٹاس ہونے کے عمل کو لائیو دکھانے کے علاوہ پچ رپورٹ اور کھلاڑیوں کے انٹرویو بھی دکھائے جائیں گے۔

افغانستان، سری لنکا، ہانگ گانگ ، فجی، ہالینڈ، سنگا پور اور ملائیشیا میں یہ مقابلے فری ٹو ایئر براڈکاسٹروں جیسے دوردرشن، ایس اے بی سی، آسٹریلوی چینل نائن پر دیکھے جا سکیں گے۔

لائیو ٹیلی کاسٹ
بھارت دوردرشن، سٹار سپورٹس
پاکستان پی ٹی وی، ٹین سپورٹس
نیپال، سری لنکا، مالدیپ، بھوٹان سٹار سپورٹس
مشرق وسطیٰ، مشرقی افریقہ او ایس این
برطانیہ، جموریہ آئرلینڈ سکائی سپورٹس
امریکہ وِلو ٹی وی
جنوبی افریقہ، افریقہ سپر سپورٹس
آسٹریلیا فاکس سپورٹس، نیٹ ورک نائن
نیوزی لینڈ سکائی ٹی وی، این زیڈ
ویسٹ انڈیز ای ایس پی این
بنگلہ دیش مانسرانگ، جی ٹی وی، بی ٹی وی
افغانستان لیمر ٹی وی

ایسے شائقین جو لائیو میچ نہیں دیکھ سکتے وہ مندرجہ ذیل ریڈیو سٹیشنوں کے ذریعے کمنڑی سن سکیں گے:

ریڈیو کمنٹری
پاکستان کراچی ایف ایم 107
برطانیہ بی بی سی اینڈ ٹاک سپورٹس
متحدہ عرب امارات ریڈیو فور
بنگلہ دیش زرگان ریڈیو
سری لنکا ایس ایل بی سی
ویسٹ انڈیز گارڈین
جنوبی افریقہ ایس اے بی سی

آئی سی سی چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن نے کہا ہے کہ آئی سی سی اپنے پارٹنر سٹار سپورٹس کی مدد سے کرکٹ میچوں کی کوریج کو دنیا کے ہر کونے تک بڑھانے کے لیے کوشاں ہے۔

انھوں نے کہا کہ پہلی دفعہ عورتوں 13 میچ براہ راست دکھائے جائیں گے۔