زمبابوے نے ہانگ کانگ کو ہرا دیا

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption ہانگ کانگ کے اوپنر ایٹکنسن عمدہ بیٹنگ کے باوجود ٹیم کو فتح دلانے میں ناکام رہے

آئی سی سی کے چھٹے ورلڈ ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ کے کوالیفائنگ راونڈ کے پہلے میچ میں زمبابوے نے ہانگ گانگ کو ہرا دیا ہے۔

زمبابوے نے پہلے کھیلتے ہوئے ہانگ کانگ کو جیت کے لیے 159 رنز کا ہدف دیا۔ زمبابوے کی جانب سے زمباندا نے سب سے زیادہ 59 رنز بنائے جبکہ چگمبورا نے 30 اور ایم این والر نے 26 رنز کی عمدہ اننگز کھیلیں۔

ہانگ کانگ کی جانب سے اوپنر ایٹکنسن نے عمدہ بیٹنگ کی اور 53 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ ایٹکنسن کے علاوہ تنویر افضل نے 31 سکور کیے۔ ہانگ کانگ کی پوری ٹیم 144 رنز پر آؤٹ ہو گئی اور اس طرح زمبابوے نے یہ میچ 14 رنز سے جیت لیا۔

تین اپریل تک جاری رہنے والے ان مقابلوں میں کل 16 ٹیمیں شریک ہیں جن میں سے آئی سی سی کی عالمی رینکنگ میں ابتدائی آٹھ پوزیشنز پر براجمان ٹیمیں براہِ راست دوسرے مرحلے میں پہنچ چکی ہیں۔

آٹھ ٹیمیں پہلے راؤنڈ میں حصہ لے رہی ہیں اور ان میں سے دو 15 مارچ سے شروع ہونے والے سپر 10 مرحلے میں باقی آٹھ ٹیموں کے ساتھ شریک ہوں گی۔

پہلے راؤنڈ میں شریک آٹھ ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔

گروپ اے میں بنگلہ دیش، آئرلینڈ، ہالینڈ اور اپنا پہلا بڑا انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کھیلنے والی عمان کی ٹیم شامل ہے۔

دوسرے گروپ میں افغانستان کے ساتھ ہانگ کانگ، سکاٹ لینڈ اور زمبابوے کو رکھا گیا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ unk

دوسرے میچ میں افغانستان کی ٹیم سکاٹ لینڈ کا سامنا کر رہی ہے۔

یہ دونوں ٹیمیں چھٹی مرتبہ کسی انٹرنیشنل ٹی 20 میچ میں مدِمقابل ہیں اور سکاٹ لینڈ کو تاحال افغانستان پر اپنی پہلی فتح کی تلاش ہے۔

اس ٹورنامنٹ کے آغاز سے قبل افغانستان کی ٹیم اچھی فارم میں ہے اور اس نے گذشتہ 12 ٹی 20 میچوں میں سے دس میں فتح حاصل کی ہے۔

افغانستان کے محمد شہزاد سنہ 2015 میں ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں میں سب سے زیادہ (297) رنز بنانے والے بلے باز تھے۔

اسی بارے میں