بنگلہ دیش کی ہالینڈ پر آٹھ رنز سے فتح

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption ہ دھرم سالا کی وکٹ بیٹنگ وکٹ ہے اور ہالینڈ کی بیٹنگ آرڈر کے پہلے چھ بیٹسمینوں کا کیریئر سٹرائیک ریٹ 120 سے زیادہ ہے

بھارت میں جاری ورلڈ ٹی 20 کرکٹ مقابلوں کے کوالیفائنگ راؤنڈ کے ایک میچ میں بنگلہ دیش نے ہالینڈ کو آٹھ رنز سے شکست دے دی ہے۔

دھرم شالہ میں کھیلے جانے والے اس میچ میں بنگلہ دیش نے ہالینڈ کو فتح کے لیے 154 رنز کا ہدف دیا تھا لیکن ہالینڈ کی ٹیم سات وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز ہی بنا سکی۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

میچ کے آخری اوور میں ہالینڈ کو فتح کے لیے 17 رنز درکار تھے لیکن وہ یہ حاصل کرنے میں ناکام رہی۔

154 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ہالینڈ کی پہلی وکٹ چوتھے اوور میں 21 کے سکور پر گری جب بریسی امین حسین کی گیند پر صابر رحمٰن کو کیچ دے بیٹھے۔

اس کے بعد کوپر تحمل کے ساتھ رنز میں اضافہ کررہے تھے جبکہ دوسرے اینڈ سے مائی برگ نے جارحانہ انداز اپنایا ہوا تھا لیکن مائی برگ نویں اوور میں محمداللہ کی گیند پر سوئپ کرتے ہوئے بولڈ ہوگے۔

کوپر 77 کے سکور پر 11ویں اوور میں شکیب الحسن کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

بنگلہ دیش کی طرف سے مشرفے مرتضیٰ نے چار اوور میں 14 رن دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔ الامین اور شکیب الحسن نے دو، دو اور ناصر حسین نے ایل کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل ہالینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈینگ کا فیصلہ کیا تھا۔ بنگلہ دیش کی طرف سے تمیم اقبال 83 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ جبکہ ہالینڈ کی طرف سے وین گگٹن نے چار اوور میں 21 رن دے کر تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption تمیم اقبال 83 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے

بنگلہ دیش کی اننگ کی شروعات کچھ زیادہ مستحکم نہیں تھی۔ 18 کے سکور پر ان کی پہلی وکٹ اس وقت گری جب چوتھے اوور میں وین میرکان نے سومیا سرکار کو وکٹ کیپر بریسی کے ہاتھوں کیچ کروا دیا۔

60 کے مجموعی سکور پر بنگلادیش کی دوسری وکٹ وین مرؤ نے صابر رحمنٰ کو 15 کے سکور پر آؤٹ کر کے لی۔

بنگلہ دیش کی اننگز میں اوپنر تمیم اقبال کے علاوہ کوئی بھی بیٹسمین 15 سے زائد سکور نہیں کرسکا۔

112 کے مجموعی سکور پر بنگلہ دیش کی پانچ وکٹیں گر چکی تھیں لیکن تمیم اقبال نے رن ریٹ کی رفتار میں کمی نہیں آنے دی۔

ہالینڈ کے دونوں فاسٹ بولر گگٹن نے چار اوور میں 21 رن دے کر تین جبکہ میرکان نے چار اوور میں 17 رن دے کر دو کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیجا۔

بنگلا دیش کا اگلا میچ آئر لینڈ کے ساتھ جمعہ 11 مارچ کو ہے جبکہ ہالینڈ بھی اپنا دوسرا میچ اومان کے ساتھ جمعے کے روز ہی کھیل گی۔

اسی بارے میں