ورلڈ ٹی20 میں شرکت کے لیے پاکستانی ٹیم بھارت روانہ

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کپتان شاہد فریدی نے کہا کہ ٹیم بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرےگی

آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 مقابلوں میں شرکت کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم ابو ظہبی پہنچ گئی ہے جہاں وہ کچھ وقت قیام کرنے کے بعد بھارتی شہر کولکتہ کے لیے روانہ ہوگی۔

دوسری جانب پاکستان کی خواتین ٹیم بھی ورلڈ ٹی20 مقابلوں میں حصہ لینے کے لیے کراچی ائیر پورٹ سے بھارت کے لیے روانہ ہو گئی ہے۔

خیال رہے کہ سکیورٹی خدشات کی بنا پر آئی سی سی نے ورلڈ ٹی 20 مقابلوں میں پاکستان اور بھارت کا میچ دھرم شالہ سے کولکتہ منتقل کرنے کا اعلان کیا تھا۔

پاکستان کی مردوں کی ٹیم شاہد آفریدی کی قیادت میں اپنا پہلا میچ 16 مارچ کو کوالیفائیر ٹیم کے خلاف کھیلے گی جبکہ 19 مارچ کو اس کا مقابلہ بھارتکے ساتھ ہوگا۔

پاکستان کے سرکاری ٹی وی کے مطابق خواتین ٹیم کی کپتان ثنا میر نے روانگی سے قبل کراچی ائیر پورٹ پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم ہر میچ جیتنے کے لیے کھیلیں گے اور اور ٹورنامنٹ جیتنے کی بھر پور کوشش کریں گے۔‘

دوسری جانب شاہد آفریدی نے روانگی سے قبل اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا تھا کہ ’بھارت میں غیر یقینی صورتحال اور تنازعات کو پس پردہ رکھ کر کرکٹ اور جیت پر توجہ دینا چاہتے ہیں۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ PAKISTAN CRICKET BOARD
Image caption خواتین ٹیم کی کپتان ثنا میر نے روانگی سے قبل بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم ہر میچ جیتنے کے لیے کھیلیں گے‘

انھوں نے نے کہا کہ ’پاکستان ٹیم نے حالیہ کچھ مچیوں میں اچھی کارکردگی نہیں دکھائی لیکن اب ہم ورلڈ ٹی20 کے لیے تیار ہیں۔ بلے بازوں کو ذمہ داری لینا ہوگی۔‘

ٹوئٹر پر شاہد آفریدی نے کہا کہ ’ورلڈ ٹی 20 میں پاکستان ٹیم کی حوصلہ افزائی کرنے کے لیے وسیم اکرم اور عمران خان بھی موجود ہوں گے اور ہم ان کے شکر گزار ہیں۔‘

پاکستانی ٹیم کے سکواڈ میں کپتان شاہد آفریدی، احمد شہزاد، شرجیل خان، محمد حفیظ، شعیب ملک، خالد لطیف، سرفراز احمد، انور علی، محمد سمیع، عماد وسیم، وہاب ریاض، محمد نواز، محمد عرفان، اور محمد عامر شامل ہیں۔ کوچ وقار یونس کے علاوہ پی سی بی کا دوسرا عملہ بھی ٹیم کے ہمراہ موجود ہے۔

اس سے قبل پاکستان کی وزاتِ داخلہ کی جانب سے جمعے کی شام جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ مغربی بنگال کی وزیرِ اعلیٰ، کولکتہ کی پولیس کے سربراہ اور خصوصاً بھارتی وزیرِ داخلہ کی جانب سے پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کو کروائی جانے والی یقین دہانیوں کے بعد کیا گیا ہے۔

وزیرِ داخلہ چوہدری نثار علی خان سے ملاقات کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے بتایا تھا کہ حکومتِ پاکستان کی جانب سے اجازت ملنے کے بعد اب ٹیم پہلی دستیاب پرواز سے بھارت روانہ ہو جائے گی۔

اسی بارے میں