پاکستان، انڈیا کا میچ دیکھنے کون کون آئے گا؟

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption میچ شروع ہونے سے قبل امیتابھ بچن بھارتی جبکہ شفقت امانت علی پاکستان کا قومی ترانہ گائیں گے

انڈیا میں کھیلے جا رہے ورلڈ ٹی 20 میں پاکستان اورانڈیا کے درمیان میچ کا جوش وخروش اپنے عروج پر ہے ۔

اس میچ میں متعدد شو بزنس اور سیاسی شخصیات کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔

مغربی بنگال کی وزیراعلی ممتا بینرجی بھی یہ میچ دیکھنے ایڈن گارڈنز آئیں گی ۔ان کے علاوہ بھارتی اداکار امیتابھ بچن، تحریک انصاف کے سربراہ اور سابق کپتان عمران خان، سنیل گواسکر، سچن تیندولکر، وریندر سہواگ اور وسیم اکرم بھی میدان میں موجود ہوں گے۔

آئی سی سی کے مطابق میچ شروع ہونے سے قبل آدھے گھنٹے کی ایک تقریب میں ممتا بینر جی کے علاوہ عمران خان سچن تندولکر اور امیتابھ بچن تقریر کرینگے۔

میچ شروع ہونے سے قبل دونوں ملکوں کے ترانے ہوں گائے جائیں گے۔ امیتابھ بچن بھارتی جبکہ شفقت امانت علی پاکستان کا قومی ترانہ گائیں گے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption سنہ 2011 کے عالمی کپ کا سیمی فائنل دیکھنے کے لیے بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ اور پاکستانی وزیراعظم یوسف رضا گیلانی موہالی کے سٹیڈیم میں موجود تھے

واضح رہے کہ ماضی میں بھی پاکستان اور بھارت کے درمیان میچوں میں اہم سیاسی شخصیات مدعو ہوتی رہی ہیں۔

سنہ 2011 کے عالمی کپ کا سیمی فائنل دیکھنے کے لیے بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ اور پاکستانی وزیراعظم یوسف رضا گیلانی موہالی کے سٹیڈیم میں موجود تھے تاہم اس بار دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں اتارچڑھاؤ کے سبب پاکستانی حکومت کی کوئی بھی سرکردہ شخصیت کولکتہ کا میچ دیکھنے کے لیے موجود نہیں ہوگی۔

یاد رہے کہ پاکستانی سفیر نے چند روز قبل اپنے ٹوئٹر پیغام میں پاک بھارت میچ کے دوران کولکتہ آکر پاکستانی ٹیم کی حوصلہ افزائی کی بات کی تھی لیکن بھارتی حکومت نے سات میں سے پانچ سفیروں کو میچ دیکھنے کے لیے کولکتہ آنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے۔

اسی بارے میں