’کاش بارش نہ رکتی کاش کوہلی ہمارا ہوتا‘

تصویر کے کاپی رائٹ AP

دہلی کے فیروز شاہ کوٹلہ سٹیڈیم میں پاکستانی خواتین کرکٹ ٹیم نے فتح کی داغ بیل ڈالی اس کا دردناک انجام کولکتہ کے ایڈن گارڈن میں ہوا۔

ایڈن گارڈن میں میچ ہارنا پاکستان اور خواتین کی کرکٹ کی تاریخ میں بہت ساری باتیں پہلی بار ہوئیں جو اپنے آپ میں ایک تاریخ ہے۔

اس دوران ٹوئٹر پر کم از کم تیس لاکھ ٹویٹس پاکستان بمقابلہ بھات کے ہیش ٹیگ کے ساتھ کی گئیں جن میں خواتین کی کرکٹ کے بارے میں جتنا کچھ لکھا گیا اتنا شاید ہی اتنے مختصر عرصے میں پہلے کبھی لکھا گیا ہو۔

مگر ایڈن گارڈن میں شکست کے نتیجے میں جو درگت پاکستانی مردوں کی کرکٹ ٹیم کی سوشل میڈیا پر بن رہی ہے اس کا تصور آپ نہیں کر سکتے۔

آفریدی کے لیے ممکنہ بیانات کے لیے ٹوئٹر اور فیس بُک پر بے شمار تجاویز دستیاب ہیں اور اُن کے اشتہاروں کی نقل میں تو ٹوئٹر کا جواب ہی نہیں۔

اور اس بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے کے لیے پاکستان تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان نے بھی ٹیم سے ملاقات کی اور ’مشورے‘ دیے۔

وہ کیا مشورے تھے؟ اس بارے میں عمران خان نے کچھ نہیں بتایا مگر اب چونکہ ٹیم ہار چکی ہے سوشل میڈیا کے ہاتھ ایک اور نشانہ ہے۔

رابعہ انعم نے ٹویٹ کی کہ ’کاش سکیورٹی کلیئرینس نہ ہوتی، کاش بارش نہ رکتی ،کاش کوہلی ہمارا ہوتا کاش‘

اُن کا اشارہ پاکستانی ٹیم کے ایڈن گارڈن میں ریکارڈ کی جانب تھا مگر اب کیا ہو سکتا ہے۔

دوسری جانب صبح سے گرلز ان گرین، ثنا میر اور ندا ڈار پاکستان کے صفِ اول کے ٹرینڈز ہیں جو اس سے پہلے شاید ہی کبھی ہوا ہو۔

پاکستان میں خواتین کی ٹیم کی کامیابی پر مبارکباد کا سلسلہ شروع ہے جس میں حصہ ڈالتے ہوئے پیپلز پارٹی رہنما بلاول بھٹو نے لکھا ’پاکستان کی خواتین نے آج ہمارا افتخار بڑھا دیا ہے۔‘

انہیں جذبات کا اظہار عمران شیخ نے کیا کہ ’ہماری خواتین ہر جگہ ہمارا افتخار بڑھا رہی ہیں۔ آسکرز جیتنے سے نوبل انعام کے حصول تک اور اب انہوں نے کرکٹ میں فتح حاصل کی۔‘

نجم سیٹھی نے ٹویٹ کی کہ ’ہماری لڑکیوں نے اُن کی پٹائی کی ہے۔ لڑکو اب تمہاری باری ہے۔‘

شیکھر گپتا نے لکھا ’پاکستان خواتین کرکٹرز ہمیں پسند تو نہیں کہ آپ ہمیں ہرائیں مگر آپ نے بیوقوفانہ روایات کو چیلنج کیا ہے اور آپ پاکستان کی بہترین سفارتکار ہیں۔‘

جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے بھی خواتین کرکٹرز کو کامیابی پر مبارکباد دی اور کہا کہ اب نظریں لڑکوں پر ہیں۔‘

اسی بارے میں