گیل سنچری بنائيں لیکن بھارت میچ جیتے: امیتابھ بچن

تصویر کے کاپی رائٹ AB Facebook Page
Image caption امیتابھ بچن نے کرس گیل کو اپنی کتاب تحفے میں دی ہے

ویسٹ انڈیز کے کرکٹر اورٹی ٹوئنٹی کے سپر سٹار کرس گیل نے بھارت اور ویسٹ انڈیز کے خلاف سیمی فائنل سے قبل بالی وڈ کے سپر سٹار امیتابھ بچن سے ممبئی میں ان کے گھر پر ملاقات کی ہے۔

ملاقات کے بعد دونوں نے ایک دوسرے کی خوب تعریف کی۔ خیال رہے کہ روا‎ں سال ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے اپنے پہلے ہی ميچ میں سنچری بنا کر کرس گیل نے تمام تر توجہ اپنی جانب مبذول کرا لی ہے۔ جبکہ امیتابھ بچن کو دو دن قبل 73 سال کی عمر میں فلم ’پیکو‘ میں اداکاری کے لیے بہترین اداکار کے ایوارڈ سے نوازا گيا ہے۔ انھیں یہ ایوارڈ 63 ویں قومی فلم ایوارڈ میں دیا گيا ہے۔

امیتابھ اور گیل نے ملاقات کی تصاویر فیس بک، ٹویٹر اور انسٹاگرام پر بھی جاری کیں ہیں۔

اپنے فیس بک صفحے پر امیتابھ نے لکھا: ’کرس گیل مجھ سے ملنے گھر آئے۔ مجھے پتہ نہیں تھا کہ وہ میرے فین ہیں۔ وہ بے حد شائستگی سے پیش آئے۔ امید ہے کہ جمعرات کو بھارت کے ساتھ ہونے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے سیمی فائنل میں بھی وہ ہماری ٹیم کے ساتھ اسی عاجزی سے پیش آئیں گے۔

کرس گیل نے بھی ٹوئٹر پر لکھا: ’کتنی پرکشش شخصت کے مالک ہیں امیتابھ بچن۔ وہ عظیم شخص ہیں۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ AB Facebook Page
Image caption گیل نے اپنی سنچری پر جیت کو ترجیح دی ہے

انھوں نے مزید لکھا: ’مجھے دعوت دینے کے لیے اور مہمان نوازی کے لیے میں ان کا بہت بہت شکر گزار ہوں۔ کتاب کے لیے بھی شکریہ۔ باس چاہتے ہیں کہ میں بھارت کے خلاف سنچری بناؤں مگر بھارت جیتے لیکن میں اپنی سنچری کے بدلے جیت حاصل کرنا چاہوں گا۔‘

بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا سیمی فائنل 31 مارچ کو ممبئی کے وانکھیڑے سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

اس سے قبل امیتابھ بچن بھارت اور پاکستان کے درمیان ميچ کے لیے خصوصی طور پر کولکتہ گئے تھے جہاں انھوں نے بھارتی قومی ترانے کو اپنی آواز دی تھی۔ دوسری جانب حالیہ دنوں انگلینڈ کے سابق کھلاڑی اینڈریو فلنٹاف کے ساتھ ٹوئٹر پر ان کا مباحثہ بھی دیکھا گيا ہے۔

گیل نے اب تک 48 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 36.82 کی اوسط سے 1517 رنز بنائے ہیں جن میں دو سنچریاں شامل ہیں۔

اسی بارے میں