فائنل سے پہلے امیتابھ اور فلنٹاف میں ’فائنل‘

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption فلٹاف کے ابھی 20 لاکھ فالورز بھی نہیں ہیں، تو دوسری طرف امیتابھ بچن کے دو کروڑ فالورز ہیں

بھارت میں کرکٹ کا بخار سر چڑھ کر بول رہا ہے۔ فائنل سے قبل مداحوں میں فائنل پر بحث و مباحثہ جاری ہے اور اس میں سرکردہ کرکٹروں کے ساتھ بالی وڈ سٹار امیتابھ بچن بھی شامل ہیں۔

در اصل یہ مباحثہ انگلینڈ ٹیم کے سابق کھلاڑی اینڈریو فلنٹاف کے ایک ٹویٹ سے شروع ہوا جو امیتابھ بچن کو پسند نہیں آیا۔

امیتابھ بچن نے وراٹ کوہلی کی اننگز کی تعریف کرتے ہوئے لکھا: ’تم رہتی دنیا تک شاندار اور خالص جینیئس ہو۔ آج کی رات کے لیے شکریہ، ایسی مزید راتیں تمہاری راہوں میں آئیں۔‘

دوسری جانب فلنٹاف نے آسٹریلیا کے خلاف بھارت کی جیت میں وراٹ کوہلی کی اننگز کی تعریف کرتے ہوئے یہ بھی لکھ دیا کہ ’اگر وراٹ اسی طرح کھیلتے رہے تو ایک دن جو روٹ کی طرح بن جائیں گے۔‘

امیتابھ بچن نے اس کے جواب میں لکھا ’یہ روٹ کون ہیں؟‘ جس کے جواب میں فلنٹاف نے امیتابھ بچن کو پہچاننے سے انکار کر دیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption جو روٹ نے جنوبی افریقہ کے خلاف یادگار اننگز کھیلی تھی

امیتابھ بچن نے یہ بھی لکھا کہ ’روٹ کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔‘ حالانکہ اس وقت تک یہ بھی واضح نہیں تھا کہ کون سی ٹیمیں فائنل میں پہنچیں گی۔

اب جبکہ انگلینڈ فائنل میں پہنچ چکی ہے تو فلنٹاف نے ایک بار پھر اس مباحثے کو جاری رکھنے کی کوشش کی لیکن امیتابھ بچن میدان میں نہیں اترے اور اس سلسلے کے ان کے گذشتہ ٹویٹس بھی ان کے صفحے سے غائب ہیں۔

فلنٹاف نے بدھ کو لکھا: ’کیا ہم فائنل دیکھنے چلیں، یاد رہے میرے دوست سینیئر بچن ہمیں دو ٹکٹ دلوا سکتے ہیں۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption کوہلی نے آسٹریلیا کے خلاف بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا

اس کے بعد پھر انھوں نے لکھا: ’کیا میں کچھ بھول رہا ہوں؟ کیا انڈیا کو ابھی سیمی فائنل نہیں کھیلنا؟ کوئی بات نہیں ہنری گیل (کرس گیل) کام تمام کر دے گا۔‘

اس پر بھی امیتابھ اور بھارتی کرکٹ کے مداحوں کی جانب سے شدید جواب آئے۔

اس سے قبل امیتابھ کو نہ پہچاننے والے ٹویٹ کے جواب میں ایک شخص نے وراٹ کوہلی کے نام سے جواب دیا: ’مادام تساد کا دورہ کریں آپ کو پتہ چل جائے گا کہ کون ہیں۔‘

ایک ٹوئٹر صارف نے سرجڈیجا کے ہینڈل کے تحت فلم ’شہنشاہ‘ میں امیتابھ کے مکالمے کو نقل کرتے ہوئے لکھا: ’رشتے میں تو وہ تمہارے باپ لگتے ہیں، نام ہے شہنشاہ۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption بھارت ممبئی میں سیمی فائنل میں ویسٹ انڈیز کے مد مقابل ہے

خیال رہے کہ ایک بار اسی طرح ٹینس کی سٹار کھلاڑی ماریا شراپوووا کو سچن تیندلکر کے بارے میں معلومات نہ ہونے پر ٹوئٹر اور فیس بک پر طوفان اٹھ کھڑا ہوا تھا اور سچن کے مداح یہ تسلیم کرنے کے لیے تیار ہی نہیں تھے کہ کوئی سچن کو نہ جانے۔

اسی طرح گذشتہ نومبر میں برٹش ایئر ویز کے کسی ملازم نے تیندلکر سے ان کا پورا نام پوچھا تھا تو ہزاروں مداح ناراض ہو گئے تھے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AB Facebook Page
Image caption کرس گیل پر ویسٹ انڈیز کی کامیابی بہت حد تک منحصر ہے

خیال رہے کہ فلٹاف کے اگر ابھی 20 لاکھ فالورز بھی نہیں ہیں، وہیں امیتابھ بچن کے دو کروڑ فالورز ہیں۔ بہر حال ایک ٹویٹ میں فلنٹاف نے امیتابھ کے مداحوں کی جانب سے شدید تنقید پر شکایت کی ہے جبکہ امیتابھ بچن نے اپنا تعارف کراتے ہوئے لکھا تھا: ’اداکار۔۔۔ ابھی تک کچھ لوگ ایسا کہتے ہیں۔‘

اسی بارے میں