انڈیا کا سفر تمام، ویسٹ انڈیز فائنل میں

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے دوسرے سیمی فائنل میں ویسٹ انڈیز نے ایک دلچسپ مقابلے میں انڈیا کو شکست دے کر فائنل میں اپنی جگہ بنا لی ہے۔

آج کا دن ویسٹ انڈیز کا تھا۔ پہلے ان کی خواتین کی ٹیم سیمی فائنل میں کامیابی حاصل کر کے فائنل میں پہنچی اور شام کو مردوں کی ٹیم نے وانکھڈے سٹڈیم میں ہزاروں انڈین تماشائیوں کو خاموش کر دیا جن میں بڑے بڑے بالی وڈ سٹار اور سابق کرکٹر موجود تھے۔

* بھارت بمقابلہ ویسٹ انڈیز

* میچ میں پہلی گیند سے آخر تک کیا ہوا

ویسٹ انڈیز کے ہیرو سمنز ثابت ہوئے جن کو اس میچ میں تین زندگیاں ملیں۔ دو مرتبہ جن گیندوں پر وہ کیچ ہوئے وہ ٹی وی ری پلے میں نو قرار پائیں اور ایک مرتبہ ان کا کیچ باونڈری پر پکڑا گیا لیکن کوہلی کا پیر باونڈری کو چھو رہا تھا۔ سمنز کا اس ٹورنامنٹ میں یہ پہلا میچ تھا اور وہ اس انداز میں کھیلے جیسے وہ سارے میچ کھیل کر آئے ہوں۔

میچ سے اڑتالیس گھنٹے قبل وہ ویسٹ انڈیز میں تھے اور ان کا کہنا تھا کہ وہ سارے راستے آرام کرتے آئے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

انڈیا کی ٹیم اور خاص طور پر اس کے بولر دباؤ کا شکار نظر آئے۔

اس میچ کی سب سے دلچسپ بات یہ ہے کہ دھونی نے اپنے صف اول کے سپنر ایشون کو صرف دو اوور دیئے جس میں ان کو 20 رنز پڑے۔

ویسٹ انڈیز نے سمنز اور چارلس کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت بھارت کی جانب سے دیے جانے والے 193 رنز کے ہدف کو تین وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔

ڈیرن سیمی نے کہا وہ یہاں ایک مشن کے ساتھ آئے تھے۔ انھوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کی دو ٹیموں کے فائنل میں پہنچنے سے ویسٹ انڈیز میں کرکٹ کو بہت فائدہ ہو گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ دعا کر رہے تھے ٹاس جیت جائیں اور مزے کی بات یہ ہے کہ انھوں نے پانچوں میچوں میں ٹاس جیتا۔

ڈیرن سمی سے جب یہ کہا گیا کہ ایک لفظ میں اپنی کامیابی کو بیان کریں تو انھوں نے کہا کہ ’اپنے اوپر یقین‘۔

گیل کے جلد آوٹ ہونے کی کمی چارلس نے پوری کی اور انھوں نے 36 گیندوں پر 52 رنز بنائے۔

اننگز کے آخری اورز میں سمنز نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 51 گیندوں پر 82 رنز بنائے اور آندرے رسل نے خوب ساتھ دیا۔

سمنز کی طرح رسل نے دھواں دار اننگز کھیلتے ہوئے 19 گیندوں پر 37 رنز بنائے۔

ممبئی کے وانکھڈے سٹیڈیم میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر انڈیا کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

انڈیا کی اننگز میں ویراٹ کوہلی کے 89 رنز کی بدولت انڈیا 20 اوورز میں 192 رنز بنا سکا۔

کوہلی کی جانب سے رائنا اور شرما نے بلترتیب 40 اور 43 رنز بنائے۔

اسی بارے میں