شاہد آفریدی کا کپتانی چھوڑنے کا اعلان

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption شاہد آفریدی بطور کھلاڑی اپنی کرکٹ جاری رکھیں گے

ٹی 20 ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی 20 میں پاکستان کی خراب کارکردگی کے بعد شاہد آفریدی نے ٹی 20 ٹیم کی کپتانی چھوڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔

شاہد آفریدی نے اتوار کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر یہ اعلان کیا۔

انھوں نے لکھا کہ ’آج میں پاکستان اور دنیا بھر میں موجود اپنے شائقین کو یہ بتانا چاہتا ہوں کے میں نے اپنی مرضی سے پاکستان کی ٹی 20 ٹیم کی کپتانی سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے۔‘

شاہد آفریدی کی جانب سے جاری اس بیان میں انھوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ اور چیئرمین شہریار خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’میرے لیے یہ بہت اعزاز کی بات ہے کہ میں نے اپنے ملک کی طرف سے تینوں فارمیٹس میں قیادت کی۔‘

خیال رہے کہ پہلے ایشیا کپ اور پھر آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 میں پاکستان ٹیم کی کارکردگی انتہائی خراب رہی تھی۔ جس کے بعد سے شاہد آفریدی اور ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس سے مستعفی ہونے کے مطالبے کی خبریں بھی گردش کر رہیں تھی۔

انڈیا میں ہونے والے ورلڈ ٹی 20 کے سپر 10 مرحلے میں پاکستان ٹیم صرف بنگلہ دیش کو ہی شکست دے پائی تھی جبکہ اسے انڈیا، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست ہوئی۔

شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ ’میں یہ بتانا چاہتا ہوں کے میں اپنے ملک اور دیگر لیگ کے لیے کرکٹ کھیلتا رہوں گا۔‘

انھوں اپنے مداحوں سے ان کے لیے بحیثیت کھلاڑی بہتر مستقبل کی دعاؤں اور ان کو سپورٹ کرنے کے لیے بھی درخواست کی۔

آخر میں شاہد آفریدی نے ٹویٹ کی جس میں ان کا کہنا تھا: ’شکریہ پاکستان۔‘

اسی بارے میں