سرفراز احمد ٹی 20 کے نئے کپتان مقرر

تصویر کے کاپی رائٹ GETTY IMAGES
Image caption سرفراز احمد اس وقت پاکستان کی ون ڈے ٹیم کے نائب کپتان بھی ہیں

پاکستان کرکٹ بورڈ نے وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد کو پاکستان کی ٹی 20 ٹیم کا کپتان مقرر کردیا ہے۔وہ شاہد آفریدی کی جگہ قیادت کی ذمہ داری سنبھالیں گے، جنھیں پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 تک کا کپتان مقرر کیا تھا۔

واضح رہے کہ ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی 20 میں پاکستانی ٹیم کی انتہائی مایوس کن کارکردگی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک کمیٹی قائم کی تھی جس نے اپنی سفارشات گذشتہ جمعے کے روز بورڈ کو پیش کر دی تھیں۔

تاہم ان کا اعلان ہونے سے قبل شاہد آفریدی نے ٹوئٹر کے ذریعے قیادت چھوڑنے کا اعلان کر دیا تھا اور بحیثیت کھلاڑی کھیلتے رہنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔ ان کے علاوہ ہیڈ کوچ وقار یونس نے بھی گذشتہ روز اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا۔

سرفراز احمد کو یہ ذمہ داری سونپے جانے کے بارے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریارخان کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد ہی اس عہدے کے لیے موزوں ترین کرکٹر ہیں۔

سرفراز احمد اس وقت پاکستان کی ون ڈے ٹیم کے نائب کپتان بھی ہیں۔

وہ 21 ٹی 20 بین الاقوامی میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے دو نصف سنچریوں کی مدد سے 291 رنز بنا چکے ہیں۔

سرفراز احمد نے 21 ٹیسٹ اور 18 ون ڈے انٹرنیشنل بھی کھیل رکھے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ جلد ہی نئے کوچ کی تقرری بھی کرنے والا ہے جس کے لیے اس نے وسیم اکرم اور رمیز راجہ کی خدمات حاصل کی ہیں جو نئے کوچ کی تلاش میں بورڈ کی مدد کریں گے۔

اس کے علاوہ نئی سلیکشن کمیٹی کی تقرری بھی جلد ہی متوقع ہے جو ہارون رشید کی سربراہی میں تحلیل کی گئی کمیٹی کی جگہ لے گی۔

اسی بارے میں