پاناما دستاویزات، یورپی فٹبال فیڈریشن کے دفاتر کی تلاشی

تصویر کے کاپی رائٹ EPA
Image caption اٹارنی جنرل کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق تلاشی شواہد حاصل کرنے کے لیے لی گئی

سوئزرلینڈ کی پولیس نے موساک فونسیکا سے ملنے والی خفیہ دستاویزات کے بعد یورپی فٹبال فیڈریشن کے دفاتر کی تلاشی لی ہے۔

پاناما کی ایک لا فرم موساک فونسیکا سے ملنے والی خفیہ دستاویزات میں یورپی فٹبال فیڈریشن کے سابق سیکریٹری جنرل گیانی انفانتینو کا نام سامنے آنے کے بعد یہ کارروائی کی گئی ہے۔

*پاناما پیپرز کیا ہیں؟

گیانی انفانتینو اس وقت فٹبال کے عالمی نگراں ادارے فیفا کے صدر ہیں۔

خفیہ دستاویزات میں فیفا کے ایک اور اہلکار جان پیڈرو ڈامینی اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں۔

گیانی انفانتینو نےکوئی غیر قانونی کام کرنے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس معاملے میں پولیس کی مدد کر رہے ہیں۔

گیانی انفانتینوکے بارے میں سامنے آنے والی معلومات کے مطابق جب وہ یورپی فٹبال فیڈریشن کے لیے کام کر رہے تھے تو 2006 میں ٹی وی رائٹس کے دو کاروباری شخصیات کے ساتھ معاہدے پر دسختط کرنے والوں میں شامل تھے۔ امریکی تحقیقاتی ایجنسی ایف بی آئی ان افراد پر رشوت ستانی کا الزام عائد کر چکی ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption گیانی انفانتینو نےکوئی غیر قانونی کام کرنے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس معاملے میں پولیس کی مدد کر رہے ہیں

سوئزرلینڈ کے اٹارنی جنرل کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق تلاشی شواہد حاصل کرنے کے لیے لی گئی۔

بیان کے مطابق یہ کارروائی ٹی وی حقوق حاصل کرنے سے متعلق تھی جس میں نامعلوم افراد شامل ہیں اور اس کا مطلب ہے کہ اس وقت کسی شخص کو ہدف نہیں بنایا گیا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ’ دیگر کارروائیوں سے حاصل ہونے والے نتائج کی روشنی میں شبہ پیدا ہوا ہے۔ جس میں اٹارنی جنرل کے دفتر کے مالیات سے متعلق ہونے والی بات چیت کا تجزیہ بھی کیا ہے۔‘

خیال رہے کہ افشا ہونے والی خفیہ دستاویزات سے پتہ چلتا ہے کہ دنیا بھر کے چوٹی کے امیر اور طاقتور افراد اپنی دولت کیسے چھپاتے ہیں، اور کس طرح اس کے گاہکوں نے کالا دھن سفید کیا، پابندیوں سے بچے اور ٹیکس چوری کی۔

اسی بارے میں