پاکستان سپر لیگ کے بعد ’پاکستان کپ‘

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption ٹورنامنٹ کا انعقاد 19 اپریل سے یکم مئی تک فیصل آباد میں ہو گا

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ کے کامیاب انعقاد کے بعد ’پاکستان کپ‘ کے نام سے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ منعقد کرانے کا اعلان کیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے فیصل آباد میں 19 اپریل سے یکم مئی تک ’پاکستان کپ‘ کے نام سے ون ڈے ٹورنامنٹ کرانے کا اعلان کیا ہے جس میں سندھ، پنجاب، بلوچستان، خیبر پختونخوا اور وفاقی دارالحکومت سمیت پانچ ٹیمیں حصہ لیں گی۔

پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سندھ کی قیادت قومی ٹیم کے ٹی 20 کپتان سرفراز احمد جبکہ کوچنگ عملے میں توصیف احمد اور اقبال امام شامل ہوں گے۔

بلوچستان کی قیادت پاکستان کی ایک روزہ ٹیم کے کپتان اظہر علی کے سپرد ہو گی جبکہ اعجاز احمد اور تیمور اعظم کوچنگ کے فرائض انجام دیں گے۔

پنجاب کے کپتان آل راؤنڈر شعیب ملک ہوں گے اور کوچنگ کی ذمہ داریاں محتشم رشید اور عتیق الزمان سنبھالیں گے۔

خیبر پختوانخوا کے کپتان یونس خان ہوں گے جبکہ کوچنگ پینل میں عبدالرحمان اور کبیر خان شامل ہیں۔

وفاقی دارلحکومت کی ٹیم کی قیادت پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کریں گے۔ کوچنگ کی ذمہ داریاں منصور رانا اور صبیح اظہر سنبھالیں گے۔

پی سی بی نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ڈومیسٹک کرکٹ میں کھلاڑیوں کا معاوضہ 100 فیصد بڑھا دیا ہے۔

ماضی کی روایات کے برعکس ’پاکستان کپ‘ میں کوچ اور کپتان کھلاڑیوں کا انتخاب ڈرافٹ کے ذریعے کریں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق ایونٹ میں پاکستان کے صف اول کے 75 کرکٹر حصہ لیں گے جبکہ ڈرافٹ میں 150 کرکٹروں کے نام شامل ہوں گے۔

ٹورنامنٹ کا انعقاد 19 اپریل سے یکم مئی تک فیصل آباد میں ہو گا۔

اسی بارے میں