عاقب جاوید متحدہ عرب امارات کی کوچنگ سے مستعفی

Image caption عاقب جاوید کے مطابق وہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ کے عہدے کے لیے درخواست دینے کا قطعاً ارادہ نہیں رکھتے

پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید نے متحدہ عرب امارات کی کرکٹ ٹیم کے کوچ کے عہدے سے استعفی دے دیا ہے۔

وہ اب پاکستان سپر لیگ میں حصہ لینے والی لاہور قلندر کے ڈائریکٹر کرکٹ کا عہدہ سنبھالیں گے۔

عاقب جاوید نے دبئی سے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے مستعفی ہونے کی تصدیق کی اور کہا کہ انہوں نے اپنا استعفیٰ باضابطہ طور پر امارات کرکٹ بورڈ کو دے دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنا مستقبل لاہور قلندر کے ڈائریکٹر کرکٹ کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ کے عہدے کے لیے درخواست دینے کا قطعاً ارادہ نہیں رکھتے اور اپنے سابقہ موقف پر قائم ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے عاقب جاوید سے رابطہ کرکے پاکستانی ٹیم کا کوچ بننے میں ان کی دلچسپی معلوم کی تھی۔

تاہم عاقب جاوید نے یہ کہہ کر کوچ کے عہدے کے لیے درخواست دینے سے انکار کردیا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے کوچ کے عہدے کی تلاش میں مدد دینے کے لیے جن دو کرکٹرز وسیم اکرم اور رمیز راجہ کی خدمات حاصل کی ہیں وہ مبینہ طور پر غیرملکی کوچ کی تقرری کے حق میں اپنی خواہش ظاہر کر چکے ہیں۔

عاقب جاوید تقریباً چار سال متحدہ عرب امارات کی ٹیم کے کوچ رہے ان کی کوچنگ میں متحدہ عرب امارات کی ٹیم نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی کپ اور ایشیا کپ کے لیے کوالیفائی کیا۔

متحدہ عرب امارت کی کوچنگ سے قبل وہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ کے طور پر فرائض سر انجام دیتے رہے تھے۔

اسی بارے میں