’قطر میں تعمیراتی کاموں کی نگرانی کے لیے کمیٹی بنائی جائے‘

تصویر کے کاپی رائٹ EPA
Image caption گیانی انفانتینوکا کہنا ہے کہ قطری حکام نے بڑے پیمانے پر اس منصوبے کا خیر مقدم کیا ہے

فٹبال کے عالمی ادارے فیفا کے صدر گیانی انفانتینو نے قطر میں سنہ 2020 میں ہونے والے عالمی کپ کے لیے میدانوں کے تعمیراتی کام کی نگرانی کے لیے آزاد کمیٹی بنانے کا کہا ہے۔

یہ اقدام قطر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں خطرے کو دور کرنے کے لیے فیفا کی ایک کوشش ہے۔

ایمنیسٹی انٹرنیشنل جس نے گذشتہ ماہ قطر پر جبری طور پر مزدوروں کے استعمال کا الزام لگایا تھا ’صحیح سمت کی جانب قدم اٹھانے کا خیر مقدم کیا ہے۔‘

فیفا کے صدر بننے کے بعد گیانی انفانتینو نے قطر کے اپنے پہلے دورے کے دوران کہا کہ ’ہم صرف بیٹھ کر انتظار نہیں کریں گے۔‘

گیانی انفانتینو نے مزید کہا کہ ’فیفا نگرانی کرنے کے لیے اپنی کوششوں کو بڑھائے گا تاکہ فیفا ورلڈ کپ کے لیے تیار کیے جانے والے میدانوں پر کام کرنے والے مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ وہ ’اس کمیٹی کو بہت جلد بنانا چاہتے ہیں۔اور قطری حکام نے بڑے پیمانے پر اس منصوبے کا خیر مقدم کیا ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے ذاتی طور پر قطر کے وزیراعظم عبداللہ بن ناصر الثانی سے کہا ہے کہ مزدوروں کو تحفظ دینے کے لیے مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔

فیفا کے چیف کے بیان پر ایمنیسٹی انٹرنیشنل کے خلیجی تارکین وطن کے حقوق پر تحقیق کرنے والے مصطفی قادری نے کہا کہ ’آخر کار ایسا لگ رہا ہے کہ فیفا جب تک مضبوط اقدامات نہیں کرے گا تو قطر میں ہونے والے ورلڈ کپ کی تارکین وطن مزدوروں کے آنسوؤں، پسینے اور خون سے تعمیر ہوگی۔‘

اس سال مارچ میں ایمنیسٹی انٹرنیشنل نے ورلڈ کپ کی تیاریوں کے دوران انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا الزام لگایا تھا۔

اسی بارے میں