یونس خان نے معافی مانگ لی ، بورڈ نے قبول کر لی

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption یونس خان امپائرنگ کے معیار سے ناراض ہوکر پاکستان کپ ادھورا چھوڑ کر چلے گئے تھے

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستانی ٹیم کے بیٹسمین یونس خان کی اپنے رویے پر مانگی گئی معافی قبول کرلی ہے اور انھیں پاکستان کپ ایک روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ میں شرکت کی اجازت دے دی ہے۔

یونس خان نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے بھیجے گئے اظہار وجوہ کے نوٹس کا بدھ کے روز جواب دیتے ہوئے اپنے رویے پر معافی مانگ لی ۔

یاد رہے کہ یونس خان فیصل آباد میں کھیلے جانے والے پاکستان کپ میں امپائرز کے فیصلوں سے ناراض ہوکر ان سے الجھ پڑے تھے اور ٹورنامنٹ ادھورا چھوڑ کر چلے گئے تھے۔

بعدازاں انھوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریارخان کو فون کرکے اپنے رویے پر معذرت کی تھی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے منگل کے روز یونس خان کو سینٹرل کنٹریکٹ کی مختلف شقوں کی خلاف ورزی کرنے پر شوکاز نوٹس بھیجا تھا جس کا جواب انھوں نے بدھ کے روز دے دیا ۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریارخان کا کہنا ہے کہ انہیں خوشی ہے کہ یونس خان نے اپنی غلطی تسلیم کرلی ہے۔

پاکستان اور پاکستان سے باہر ان کی اچھی ساکھ ہے اور وہ طویل عرصے سے پاکستانی کرکٹ کی خدمت کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ یونس خان پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کے مشیر بھی ہیں۔

یونس خان کی خیبر پختون خوا کی ٹیم اگر فائنل میں پہنچ گئی تو وہ یہ میچ کھیل سکیں گے۔ ان کے ٹیم چھوڑ جانے کے بعد احمد شہزاد ٹیم کی قیادت کررہے ہیں۔

اسی بارے میں