لیسٹر سٹی فٹبال کلب تاریخ رقم کرنے کے قریب

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption س برس پریمیئر لیگ میں لیسٹر کی شاندار کاکردگی شائقینِ فٹبال کے لیے خوشگوار حیرت کا باعث بنی ہے

پریمیئر لیگ کے ایک تاریخی میچ میں کل لیسٹر سٹی اور مانچسٹر یونائٹڈ مدِمقابل ہوں گے۔ لیسٹر سٹی اگر کل فاتح ہوتا ہے تو وہ اپنی 132 سالہ تاریخ میں پہلی بار پریمیئر لیگ یعنی برطانیہ کی سب سے اہم فٹبال لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کر لے گا۔

لیسٹر سٹی کی ٹیم مانچسٹر یونائٹیڈ کے خلاف میچ میں اپنے سٹار کھلاڑی جیمی وارڈی نہیں کھیل پائیں گے۔

جیمی وارڈی نے ٹوٹنہم کےخلاف میچ میں ریڈ کارڈ دکھائے جانے پر جس رویے کا مظاہرہ کیا تھا اس کی وجہ سے ان پر دو میچوں کی پابندی عائد کر دی گئی تھی۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ لیسٹر سٹی فٹ بال کلب ایک نئی تاریخ رقم کرنے کے دھانے پر ہے۔

لیسٹر کے منیجر کلاڈیو رانییاری کے بقول کلب کو پریمیئر لیگ جیتنے کا اس سے اچھا موقع پھر نہیں ملے گا۔

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے لیسٹر کے مینیجر کا کہنا تھا کہ ’اگر ہم اس برس پریمیئر لیگ نہ جیت سکے تو شاید کبھی بھی نہ جیت سکیں۔‘

پوائنٹس ٹیبل پر لیسٹر اس وقت اپنی قریبی حریف ٹوٹنہم سے سات پوائنٹ کی برتری ہے۔ لیسٹر نے35 میچ کھیل کر 76 پوائنٹس حاصل کیے ہیں جبکہ ٹوٹنہم 35 میچوں میں 69 پوائنٹس حاصل کرسکا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption لیسٹر کی ٹیم میں شامل کھلاڑیوں کی مالیت تقریباً سات ملین پاونڈ ہے جبکہ اس کی کچھ حریف ٹیموں کی مالیت کئی سو ملین پاونڈ ہے

اس برس پریمیئر لیگ میں لیسٹر سٹی کی شاندار کاکردگی شائقینِ فٹبال کےلیے خوشگوار حیرت کا باعث بنی ہے۔

خیال رہے کہ لیسٹر کا شمار پریمیئر لیگ کے بڑے اور مہنگے کلبوں میں نہیں ہوتا۔گزشتہ برس کلب کی کارکردگی کافی مایوس کن تھی اور عام خیال کیا جا رہا تھا کہ کلب پریمیئر لیگ سے نکل جائےگا۔

دوسری جانب حریف ٹیموں کے کھلاڑی بھی لیسٹر سٹی کی کارکردگی کی تعریف کر رہے ہیں۔

مانچسٹر یونائیٹڈ کے کھلاڑی یوان ماٹا نے لیسٹر کی کارکردگی کو تازہ ہوا کا جھونکا قرار دیا ہے۔

ایک اندازے کے مطابق لیسٹر سٹی کی ٹیم میں شامل کھلاڑیوں کی مالیت تقریباً سات ملین پاونڈ ہے جبکہ اس کی کچھ حریف ٹیموں کی مالیت کئی سو ملین پاونڈ ہے۔

خیال رہے کہ پریمیئر لیگ کے بڑے کلب جن میں مانچسٹر یونائٹڈ ، چیلسی، مانچسٹر سٹی اور ٹوٹنہم شامل ہیں،سالانہ کئی سو ملین پاؤنڈ اپنی ٹیموں پر خرچ کرتے ہیں جبکہ اس کے برعکس لیسٹر سٹی کا سالانہ بجٹ صرف چند ملین پاونڈ ہے۔

اسی بارے میں