انگلینڈ کا دورہ: احمد شہزاد، عمر اکمل ڈراپ

تصویر کے کاپی رائٹ Getty

پاکستان کرکٹ بورڈ نے جولائی میں انگلینڈ کے دورے کے لیے احمد شہزاد اور عمر اکمل کو قواعد و ضوابط کی خلاف ورزیوں پر سکواڈ میں شامل نہیں کیا ہے۔

امریکی خبر رساں ایجنسی اے پی کے مطابق پاکستانی قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا ہے کہ انھوں نے سابق کوچ وقار یونس کی رپورٹ پڑھی ہے اور اس فیصلے پر پہنچنے سے قبل قومی ٹیم کے سٹیک ہولڈرز کے ساتھ ملاقات بھی کی ہے۔

٭ ’عمر اکمل کی بیٹنگ سے مایوسی ہوئی‘

٭ عمر اکمل کی معطلی کے خلاف اپیل

٭ احمد شہزاد کی واپسی یقینی دکھائی دیتی ہے

انضمام الحق نے 35 رکنی سکواڈ کا اعلان کیا۔ اس سکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کی فٹنس کو اگلے ہفتے سے لاہور میں قائم ہونے والے کیمپ میں دیکھا جائے گا۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

پی سی بی کے مطابق 14 مئی سے چار جون تک ایک اور کیمپ ایبٹ آباد میں لگے گا جس کے بعد حتمی 16 رکنی سکواڈ کا اعلان کیا جائے گا۔

پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی نے انگلینڈ کے خلاف واحد ٹی ٹوئنٹی کے لیے آل راؤنڈر شاہد آفریدی اور فاسٹ بولر محمد عرفان کو شامل نہیں کیا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty

اس بارے میں انضمام الحق نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف واحد ٹی ٹوئنٹی میں وہ نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینا چاہتے ہیں۔

یاد رہے کہ انگلینڈ کے دورے میں پاکستان چار ٹیسٹ میچ، پانچ ایک روزہ اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گا۔ یہ دورہ 14 جولائی سے شروع ہو گا۔

واضح رہے کہ عمر اکمل اور احمد شہزاد کے بارے میں قواعد و ضوابط کی خلاف ورزیوں کی خبریں آتی رہی ہیں۔

اسی بارے میں