ایٹلیٹیکو میڈرڈ دوسری بار چیمپیئنز لیگ کے فائنل میں

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption ایٹلیٹیکو میڈرڈ کی جانب سے واحدگول اینٹونیوگریزمین نے کیا

فٹبال کلب ایٹلیٹیکو میڈرڈ نے بائرن میونخ پر ’اوے گولز‘ کے اصول کی بنیاد پر سبقت حاصل کرتے ہوئے تین سالوں میں دوسری مرتبہ چیمپیئنز لیگ کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔

منگل کو دونوں ٹیموں کے درمیان سیمی فائنلز کے دوسرے مرحلے کا میچ کھیلا گیا جس میں بائرن میونخ نے ایک کے مقابلے میں دو گول کیے لیکن ایٹلیٹیکو میڈرڈ نے اوے گولز کے ذریعے کامیابی حاصل کر لی۔

سپین میں ہونے والے پہلے مرحلے کے بعد ایٹلیٹیکو میڈرڈ کو ایک صفر کی برتری حاصل تھی جسے بائرن میونخ نے فری کک پر شاوی اولانسو کے گول کی مدد سے برابر کر دیا۔

ایٹلیٹیکو میڈرڈ کے گول کیپر جان اوبلیک نے ٹامس میولر کی پینلٹی روک دی، جس کے بعد اینٹونیو گریزمین نے گول کر کے میچ برابر کر دیا۔

اس کے بعد بائرن میونخ کے رابرٹ لیوانوسکی نے ہیڈر کے ذریعے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔ دوسری جانب ایٹلیٹیکو کے سٹرائیکر فرنینڈو ٹوریز نے پینلٹی پر گول کرنے کا موقع گنوا دیا۔

اس سیمی فائنل میچ میں بائرن میونخ کو پرجوش تماشائیوں کی حمایت حاصل تھی اور انھوں نے تیسرا گول کرنے کی بھرپور کوشش بھی کی لیکن انھیں کامیابی حاصل نہ ہوئی۔ اگر بائرن میونخ تیسرا گول کر لیتی تو وہ فائنل میں پہنچ جاتی۔

اب ایٹلیٹیکو میڈرڈ کی نظریں فائنل جیت کر پہلی بار چیمپیئنز لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کرنے پر لگی ہوئی ہیں۔ 28 مئی کو میلان میں کھیلے جانے والے فائنل میں اس کا مقابلہ مانچسٹر سٹی یا ریال میڈریڈ کی ٹیم سے ہو سکتا ہے۔

مانچسٹر سٹی اور ریال میڈرڈ کے درمیان سیمی فائنل مرحلے کا دوسرا میچ بدھ کو کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان گذشتہ ہفتے کھیلے جانے والا پہلا سیمی فائنل بغیر کسی گول کے برابر رہا تھا۔

اسی بارے میں