’کینیلو سے طاقت کم ہے، لیکن رفتار سے ہرا سکتا ہوں‘

Image caption 29 سالہ عامر خان نے اس مقابلے میں اپنے سے زیادہ وزن والے باکسر الواریس کو چیلنج کیا ہے

پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے تسلیم کیا ہے کہ سنیچر کے روز لاس ویگس میں میکسیکو کے باکسر ساؤل کینیلو الواریس سے ہونے والے مقابلے میں ان کے پاس اتنی طاقت نہیں ہے کہ اپنے حریف کو کوئی خاص چوٹ پہنچا سکیں۔

لیکن عامر خان نے کہا کہ اس کے باوجود ان کے پاس رفتار اور ایسے داؤ پیچ ہیں کہ وہ مقابلہ جیت سکتے ہیں۔

29 سالہ عامر خان نے اس مقابلے میں خود سے دو درجہ زیادہ وزنی باکسر الواریس کو چیلنج کیا ہے۔

عامر کا کہنا تھا: ’ممکن ہے کہ میں کینیلو کو ماروں اور انھیں اس کا احساس تک نہ ہو لیکن مہارت ان پر فتح پا لے گی۔ میں ان کے سامنے کھڑے ہو کر انھیں آسانی سے ہٹ کرنے کا موقع نہیں دوں گا اور نہ ہی تبادلہ کرنا چاہوں گا۔ مجھے معلوم ہے کہ وہ ایک ہی مکے سے مجھے زخمی کر سکتے ہیں۔

’تو مجھے یقینی بنانا ہے کہ مکے لگاتے وقت میرا توازن برقرار رہے۔ یہ سب 12 راؤنڈ کے کھیل تک نظم و ضبط میں رہنے اور گیم پلان کے مطابق رہنے کا معاملہ ہے۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption میکیسیکو کے باکسر الواریس کا کہنا ہے کہ وہ بھی عامر خان ہی جیسی مہارت رکھتے ہیں

انھوں نے مزید کہا: ’اس سے پہلے جن لوگوں نے مجھے ناک آؤٹ کر دیا تھا میں نے ان کی عزت نہیں کی تھی۔ اس لڑائی میں مجھے معلوم ہے کہ مجھے چوٹ بھی لگ سکتی ہے، تو میں بالکل کنارے رہوں گا اور میرا دفاع تیز طرار ہو گا۔‘

عامر کا کہنا تھا کہ ان کی فائٹ فلوئڈ مےویدر یا مینی پیکیاؤ کے ساتھ آسان ہوتی کیونکہ وہ ان کے برابر کے وزن کے ہیں، البتہ’کینیلو ہم سے زیادہ مضبوط ہیں، لیکن جو چيزیں میرے پاس ان سے بہتر ہیں، وہ ہیں رفتار اور داؤ پیچ۔‘

عامر خان اپنے 25 سالہ مد مقابل الواریس سے جسمانی طور پر کافی کمزور اور کم وزن کے ہیں۔ الواریس ابھی تک صرف مےویدر سے ہارے ہیں۔

عامر کہتے ہیں: ’میرا جیتنا لازمی نہیں ہے لیکن امید ہے کہ جیت سکتا ہوں۔ پہلی بار مجھے کسی فائٹ کے لیے کمزور بتایا جا رہا ہے لیکن یہی چیز اس مقایلے کو دلچسپ بناتی ہے، میں بہت سے لوگوں کو غلط ثابت کرنا چاہتا ہوں۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption دو دفعہ لائٹ ویلٹر ویٹ عالمی چمپئین عامر خان نے نیویارک میں ہونے والے مقابلے میں اپنے مخالف الجیری کو شکست دی تھی

لیکن میکیسیکو کے باکسر الواریس کا کہنا ہے کہ وہ بھی عامر خان جیسی مہارت رکھتے ہیں اور وہ یہ دیکھ کر حیران رہ جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا: ’آپ دیکھنا، میں طاقت سے ہٹ کر بھی کچھ چیزوں کا مظاہرہ کروں گا۔ میرے پاس بھی رفتار ہے، اور جو بھی کچھ ان کے پاس ہے میں اس کے لیے تیار ہوں۔ میرے اچھے برس تو ابھی آنے والے ہیں۔‘

ادھر عامر خان نے رپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے بھی ایک پیغام چھوڑا ہے جو امریکہ میں مسلمانوں اور میکسیکو کے لوگوں کے داخلے کے مخالف ہیں۔

عامر نے کہا کہ اگر ٹرمپ صدر بن جاتے ہیں تو امریکہ میں ان کا اور کینیلو کا یہ پہلا اور آخری مقابلہ ہو گا۔

اسی بارے میں