آفریدی، حفیظ کی فٹنس کیمپ میں شرکت سے معذوری

تصویر کے کاپی رائٹ Getty

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز کھلاڑی محمد حفیظ اور شاہد آفریدی نے انجری کے سبب پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں لگائے جانے والے فٹنس کیمپ میں شرکت سے معذرت کر لی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایبٹ آباد میں بوٹ کیمپ سے قبل کھلاڑیوں کی فٹنس معلوم کرنے کے لیے این سی اے میں ایک فٹنس کیمپ لگانے کا فیصلہ کیا تھا۔ یہ کیمپ آٹھ سے بارہ مئی تک ہو گا۔

سابق کپتان شاہد آفریدی نے ٹویٹر پر پیغام میں اپنی عدم دستیابی کا اعلان کیا۔ انھوں نے ٹوئٹ کیا کہ پی سی بی کو بتا دیا تھا کہ وہ ٹخنے میں معمولی تکلیف محسوس کر رہے ہیں اس لیے فٹنس کیمپ کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔

شاہد آفریدی نے ایک اور ٹوئٹ میں کہا ’میں انگلش کاؤنٹی میں ہیمپشائر کی نمائندگی کے لیے مکمل فٹنس حاصل کرنا چاہتا ہوں۔ میں جیسے ہی سلیکشن کے لیے دستیاب ہوں گا، فٹس ٹیسٹ دوں گا۔‘

واضح رہے کہ انضمام الحق کی زیر سربراہی پاکستان کرکٹ کی نئی سلیکشن کمیٹی نے دورہ انگلینڈ کی تیاریوں کے سلسلے میں این سی اے میں فٹنس کیمپ لگانے کا اعلان کیا تھا۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

تاہم دورے کے لیے اعلان کردہ ممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست میں شاہد آفریدی کا نام شامل نہیں تھا۔ اس پر انضمام کا کہنا تھا کہ نئے کھلاڑیوں کو موقع دینے کے لیے آفریدی کا نام شامل نہیں کیا گیا۔

اس فٹنس کیمپ میں سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل تمام کھلاڑیوں کی شرکت لازمی ہے۔

دوسری جانب سابق کپتان محمد حفیظ نے بھی انجری کے سبب کیمپ میں شریک ہونے سے معذرت کر لی ہے جبکہ مصباح الحق عمرے کی ادائیگی کے سبب کیمپ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔

ڈان سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے محمد حفیظ نے کہا کہ گھنٹے کے پٹھوں میں انجری ہے اور یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ کب تک فٹ ہو جائیں گے۔

محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ وہ ایبٹ آباد میں ہونے والے بوٹ کیمپ میں جائیں گے اور کوشش کریں گے کہ دورہ انگلینڈ سے قبل مکمل فٹنس حاصل کر سکیں۔

اسی بارے میں