کک 10 ہزار رنز بنانے والے کم عمر ترین کھلاڑی بننے کے قریب

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption الیسٹر کک 126 ٹیسٹ میچوں میں ابتک 9964 رنز بناچکے ہیں

انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے کپتان الیسٹر کک ٹیسٹ کرکٹ میں دس ہزار رنز مکمل کرنے والے دنیا کے سب سے کم عمر بیٹسمین بننے والے ہیں۔

انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان 19 مئی سے ہیڈنگلے میں شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں الیسٹر کک کے پاس یہ موقع ہے کہ وہ اس سنگ میل کے لیے درکار 36 رنز بناکر سچن تندولکر کا سب سے کم عمری میں دس ہزار رنز مکمل کرنے کا ریکارڈ توڑدیں۔

سچن تندولکر نے31 سال 10 ماہ کی عمر میں ٹیسٹ میچوں میں دس ہزار رنز مکمل کیے تھے جبکہ پچیس دسمبر کو 31 سال کے ہوجانے والے الیسٹر کک سچن سے پانچ ماہ کم عمری میں یہ سنگ میل عبور کریں گے۔

الیسٹر کک 126 ٹیسٹ میچوں میں ابتک 9964 رنز بناچکے ہیں جس میں 28 سنچریاں بھی شامل ہیں۔

وہ انگلینڈ کی طرف سے ٹیسٹ میچوں میں سب سے زیادہ رنز اور سنچریوں کا ریکارڈ پہلے ہی اپنے نام کرچکے ہیں اور اب وہ ٹیسٹ کرکٹ میں دس ہزار رنز مکمل کرنے والے انگلینڈ کے پہلے بیٹسمین بھی بن جائیں گے۔

اس میں کوئی شک نہیں کہ کک نے اپنی اس کارکردگی سے انگلینڈ کے بیٹسمینوں میں اہم مقام حاصل کرلیا ہے۔ان کے کریئر میں اہم کردار ادا کرنے والے انگلینڈ کے سابق اوپنر گراہم گوچ ایک ایسے بیٹسمین تھے جو اپنی شاندار کارکردگی سے دس ہزار رنز تک پہنچ سکتے تھے لیکن ان کا کرئر بھی 8900 رنز پر آ کر ٹھہر گیا۔

کیون پیٹرسن کا کریئر اگر متنازعہ نہ بنتا تو وہ دس ہزار رنز کا سنگ میل آسانی سے عبور کرسکتے تھے لیکن 104 ٹیسٹ میچز میں 8181 رنز بنانے کے بعد وہ مزید نہ کھیل سکے

الیسٹر کک کو دو ہزار تیرہ سے دو ہزار پندرہ تک خاصی تگ ودو کا سامنا رہا تاہم اس کے بعد انھوں نے دوبارہ اپنی فارم حاصل کی اور ویسٹ انڈیز اور نیوزی لینڈ کے خلاف سنچریاں بنانے کے بعد گزشتہ سال پاکستان کے خلاف ابوظہبی ٹیسٹ میں ڈبل سنچری سکور کرڈالی۔

الیسٹر کک نے موجودہ انگلش کاؤنٹی سیزن کا آغاز شاندار انداز میں کرتے ہوئے چار سنچریاں بناڈالی ہیں جس کے سبب ایسیکس نے ان سے دو سال کا نیا معاہدہ کرلیا ہے۔

الیسٹرکک اگرچہ دس ہزار رنز مکمل کرنے والے سب سے کم عمر بیٹسمین بن جائیں گے لیکن وہ سب سے کم اننگز میں دس ہزار رنز مکمل کرنے کا عالمی ریکارڈ نہیں توڑسکتے جو سچن تندولکر، برائن لارا اور کمار سنگاکارا 195 اننگز میں قائم کرچکے ہیں۔ الیسٹر کک ابتک 226 اننگز کھیل چکے ہیں۔

الیسٹر کک کے بعد عصرحاضر کے بیٹسمینوں میں پاکستان کے یونس خان دس ہزار رنز کے قریب تر ہیں۔

یونس خان104 ٹیسٹ میچوں میں 9116 رنز بنا چکے ہیں۔

اسی بارے میں