شرجیل خان کو مبینہ دھمکیاں، پی سی بی کا تحقیقات کا حکم

تصویر کے کاپی رائٹ Getty

پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرکٹر شرجیل خان کو ملنے والی مبینہ دھمکیوں کے بارے میں تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

جمعرات کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر قومی کرکٹ ٹیم کے رکن شرجیل خان نے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں ان کا کہنا ہے کہ انھیں دھمکی آمیز فون کالز موصول ہو رہی ہیں۔

شرجیل خان نے اس ویڈیو میں کہا کہ ’میں آج آپ سے ایک بات شیئر کرنا چاہتا ہوں کہ مجھے چند دنوں سے دھمکیاں مل رہی ہیں۔‘

انھوں نے کہا کہ ’مجھے دھمکیاں دینے والے لوگ مجھ سے پیسوں کا مطالبہ کر رہے ہیں، اور ایسا نہ کرنے کی صورت میں انھوں نے میری کچھ جعلی ویڈیوز سوشل میڈیا پر جاری کرنے کی دھمکی دی ہے۔‘

’میں نے سوچا کہ میں آپ سب کو پہلے ہی اس بارے میں بتا دوں کہ جتنی بھی ویڈیوز جاری کی جائیں گی وہ سب جعلی ہیں۔‘

قومی ٹیم کے اوپنر بلے باز شرجیل خان نے مزید کہا کہ ’میں یہ آپ کو اس لیے بتا رہا ہوں کیونکہ یہ سب میرا نام خراب کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔‘

پی سی بی کے ترجمان نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ سے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی شرجیل خان کو ملنے والی مبینہ دھمکیوں کی تحقیقات کرنے کے لیے کہ دیا گیا ہے۔

اسی بارے میں