ہوم سیریز کے لیے پی سی بی کا سری لنکا سے رابطہ

تصویر کے کاپی رائٹ PCB
Image caption پاکستان کرکٹ بورڈ پاکستان کی ہوم سیریز سے متعلق متحدہ عرب امارات کی نئی حکمت عملی سے خوش نہیں ہے

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکن کرکٹ بورڈ کو باضابطہ طور پر خط تحریر کردیا ہے جس میں یہ معلوم کیا گیا ہے کہ آیا سری لنکا اس سال اکتوبر میں ویسٹ انڈیز کے خلاف پاکستان کی ہوم سیریز کی میزبانی کر سکتا ہے یا نہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ متحدہ عرب امارات میں اپنی ہوم سیریز کے دوران ہونے والے اخراجات میں کمی کی خاطر اسے سری لنکا میں منعقد کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکیٹو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے چند روز قبل بی بی سی کو دیے گئے انٹرویو میں کہا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ سری لنکا میں ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے امکانات کا جائزہ لے رہا ہے۔

ان کے اس انٹرویو کے بعد سری لنکن کرکٹ بورڈ نے کہا تھا کہ اسے پاکستان کے میچ اپنے یہاں منعقد کرانے پر خوشی ہوگی۔

بی بی سی کو معلوم ہوا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ پاکستان کی ہوم سیریز سے متعلق متحدہ عرب امارات کی نئی حکمت عملی سے خوش نہیں ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ اب تک متحدہ عرب امارات کو میچوں کی گیٹ منی اور کارپوریٹ باکسز کی آمدنی میں سے حصہ دیتا آیا ہے لیکن اب متحدہ عرب امارات چاہتا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ سٹیڈیمز کا کرایہ بھی ادا کرے۔

یاد رہے کہ پاکستان 2009 ء میں لاہور میں سری لنکن ٹیم پر ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد سے اپنی تمام تر بین الاقوامی کرکٹ متحدہ عرب امارات میں کھیلنے پر مجبور ہے۔

پی سی بی نے اس سال پہلی پاکستان سپر لیگ بھی متحدہ عرب امارات میں ہی کروائی ہے۔

اسی بارے میں